Sunday, May 12, 2024

پاک سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز، دونوں ٹیمیں آج قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی

پاک سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز، دونوں ٹیمیں آج قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی
October 4, 2019
 لاہور (92 نیوز) پاک سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے دونوں ٹیمیں آج قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔ پریکٹس کے بعد شام میں دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنسز کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں بھی شریک ہوں گے۔ پہلا میچ 5 اکتوبر کو ہو گا۔ بارش بھی رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا۔ اس سیریز کے لئے پی سی بی کی جانب سے ٹی 20 ٹیم کا اعلان کیاجا چکا ہے جس میں شامل ہونے والے تینوں کھلاڑی احمد شہزاد، عمر اکمل اور آل راؤنڈرفہیم اشرف پہلے ہی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کر رہے ہیں ۔ ٹی 20 سکواڈ میں جگہ نہ پانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے تینوں کھلاڑی اپنی صوبائی ٹیموں میں واپس چلے جائیں گے اور قائداعظم ٹرافی کے میچوں میں حصہ لیں گے ۔ ٹی 20میچز کے دوران شٹل سروس کو قذافی سٹیڈیم کے اندر چلانے سے روک دیا گیا ہے ،اس بار قذافی سٹیڈیم کے اندر شہری پیدل اپنے گیٹ تک جائیں گے ۔ شہریوں کی سہولت کے لئے 38 سپیڈو بسیں اور 20 سے زائد اے سی کوسٹرز فری شٹل سروس کا کام سر انجام دیں گی۔ ان گاڑیوں اور انکے ڈرائیوروں کی فہرست بھی انتظامیہ کو فراہم کر دی گئی ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حساس اداروں کی جانب سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اس بار قذافی سٹیڈیم کے اندر شٹل سروس کی سہولت نہ دینے کے بارے میں پی سی بی اور پنجاب حکومت کو تجویز پیش کی گئی جسے منظور کر لیا گیا ہے ۔