Tuesday, April 23, 2024

پاک سری لنکا تاریخی ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہو گا

پاک سری لنکا تاریخی ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہو گا
December 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاک سری لنکا تاریخی ٹیسٹ میچ کے آغاز میں صرف ایک روز باقی رہ گیا ، پاکستان دس سال بعد  تاریخی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کو تیار ہے ۔ پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کاپہلا  میچ کل سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا ، تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ، سری لنکن ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچ کھیلنے کیلئے گزشتہ روز پاکستان پہنچی ۔ اسلام آباد ائیر پورٹ پر مہمان ٹیم کا پی سی بی حکام نے شاندار استقبال کیا،لنکن ٹائیگرز کو اسٹیٹ لیول فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے ،مہمان ٹیم نے گزشتہ روزدن بھر آرام کیا ۔ گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے  بھرپور نیٹ پریکٹس کی ، ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل قومی کھلاڑیوں نے فوٹو سیشن میں بھی حصہ لیا ۔ اوپنر شان مسعود کہتے ہیں بخوبی جانتا ہوں پرفارم نہیں کروں گا تو ٹیم میں بھی نہیں رہوں گا ، فاسٹ باؤلر عثمان شنواری ٹیسٹ ڈیبیو کو شاندار بنانے کیلئے پرعزم ہیں ۔ معین خان ،راشد لطیف،محمد یوسف،شاہد آفریدی ،عمر گل  اور شعیب ملک کاکہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر بہت خوش ہیں ،  برسوں سے اس لمحے کے انتظار میں تھے ۔ادھر میچ کیلئےراولپنڈی میں 4500 پولیس اہلکار تعینات کرنے کے علاوہ گراؤنڈ اور ملحقہ علاقوں کی فضائی نگرانی بھی ہوگی۔ اسٹیڈیم کے اردگرد کا علاقہ سیل ہوگا۔ متبادل ٹریفک پلان بھی تشکیل دے دیا گیا ہے ۔ میٹرو بس سروس کا آپریشن صبح نو بجے شروع  ہوا   اور 16 دسمبر تک روزانہ شام چار بجے سے چھ بجے عوامی سواری بند ہوگی،میچ کیلئے ٹکٹ کی قیمت صرف 50روپے رکھی گئی ہے ۔