Thursday, April 25, 2024

پاک ، روس 117 ملین ڈالر کا تجارتی تنازع حل

پاک ، روس 117 ملین ڈالر کا تجارتی تنازع حل
November 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) 24 سال سے پاک روس کمپنیوں کی تجارتی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہو گئی ، حکومت پاکستان نے 1996 سے منجمد 117 ملین ڈالر جاری کرنے کی منظوری دے دی ۔ پاکستانی سفیر کو روس کیساتھ بین الحکومتی بنیاد پر معاہدہ پر دستخط کرنے کی بھی اجازت مل گئی ،پانچ پاکستانیوں کمپنیوں کو 23اعشاریہ 80ملین ڈالر جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ روس میں پاکستانی سفیر کو روس کیساتھ بین الحکومتی بنیاد پر 117 ملین ڈالر کی ادائیگی کیلئے   معاہدے پر دستخط کرنے کی ہدایت  کر دی گئی ۔ پاکستانی کمپنی چیف مرکری گروپ کو 10.5ملین امریکی ڈالر،فتح انڈسٹریز کو 4.356ملین امریکی ڈالر،تابانی گروپ کو 7.150ملین امریکی ڈالر،اے بی ایس گروپ کو 1.7 ملین امریکی ڈالر،فتح جینز کو 0.068ملین امریکی ڈالر ملیں گے ۔ سویت یونین اور اس کی کمپنیوں کی جانب سے 1980کی دہائی میں پاکستان سے ٹیکسٹائل سمیت دوسری مصنوعات خریدی جاتی تھیں   تاہم، سویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد کچھ برآمدی سامان پر ادائیگی نہیں کی جا سکی اور پاکستانی کمپنیوں نے نیشنل بینک کو روسی بینکوں میں فنڈز منتقل کرنے سے روکنے کیلئے عدالت سے حکم امتناع لے لیا تھا۔ کئی بار معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بے سود ثابت ہوئیں ،سال 2015میں ٹاپ روسی انٹیلی جنس ایجنسی ایف ایس ایس سربراہ کے دورہ پاکستان کے بعد دفاعی اور تجارتی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا تھا۔