Friday, May 10, 2024

پاک ترک وزرائے خارجہ مذاکرات، اقتصادی وتجارتی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

پاک ترک وزرائے خارجہ مذاکرات، اقتصادی وتجارتی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار
January 13, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاک ترک وزرائے خارجہ مزاکرات میں اقتصادی و تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ، تعلیمی شعبہ میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

پاکستان اور ترکی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کا انعقاد دفترخارجہ میں ہوا، دونوں ممالک کے وزرا ئے خارجہ نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی، مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور ترکی کے مابین مختلف شعبہ جات میں کثیر الجہتی اسٹریٹیجک شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وبا کی دوسری لہر مزید خطرناک ثابت ہو رہی ہے، پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے کورونا وبا کے معاشی مضمرات شدید نوعیت کے ہیں جن سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے اور کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل کرنا ہوگا، پاکستان نے ترک کاروباری حضرات کیلئے ای ویزہ کا اجراء کیا ہے، عالمی فورموں پر حمایت کے لئے ترکی کے شکرگزار ہیں۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ اقوام متحدہ کے غیر جانبدار مبصرین کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دے تاکہ دنیا اصل حقائق جان سکے۔مذاکرات میں پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے جامع روڈ میپ پر اتفاق کیا گیا، ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارتی، اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پرزور دیا۔

پاکستان اور ترکی کے مابین تعلیمی شعبہ میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے دستخط کئے، ترک وزیرخارجہ نے دفترخارجہ کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔