Sunday, September 8, 2024

پاک بھارت مذاکرات منسوخ ہونے پر مایوسی ہوئی، مذاکرات شروع کر کے کشیدگی کا خاتمہ کرنا چاہیے: جان کربی

پاک بھارت مذاکرات منسوخ ہونے پر مایوسی ہوئی، مذاکرات شروع کر کے کشیدگی کا خاتمہ کرنا چاہیے: جان کربی
August 25, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ اسے پاک بھارت مذاکرات منسوخ ہونے پر مایوسی ہوئی ہے اور وہ چاہتا ہے کہ دونوں ممالک جلد از جلد مذاکرات شروع کریں۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا روزانہ بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ اوائل سال روس میں پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان تعمیری رابطوں سے امید بڑھی تھی کہ مذاکراتی عمل آگے بڑھے گا لیکن بیل منڈھے نہیں چڑھی جس سے امریکا کو مایوسی ہوئی ہے تاہم امریکا چاہے گا کہ پاکستان اور بھارت مسائل کے حل کیلئے مذاکراتی عمل جلد شروع کریں۔ جان کربی کا کہنا تھا کہ امریکا سمجھتا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت کو مذاکرات شروع کر کے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے۔ مسئلہ کشمیر پر ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ پاکستان اور بھارت کو ہی حل کرنا ہو گا اور مسائل کے مذاکرات سے حل کیلئے امریکا دونوں ممالک کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا تاہم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں امریکا اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ دہشت گردی دنیا کو درپیش خطرات میں سے ایک ہے اور امریکا اس کا مقابلہ تمام دستیاب قومی وسائل سے کریگا۔