Wednesday, April 24, 2024

پاک بھارت تعلقات  : کرکٹ ، ساڑھی اور مینگو ڈپلومیسی کے بعد سالگرہ ڈُپلومیسی شروع ہوگئی

پاک بھارت تعلقات  : کرکٹ ، ساڑھی اور مینگو ڈپلومیسی کے بعد سالگرہ ڈُپلومیسی شروع ہوگئی
December 25, 2015
لاہور(92نیوز)پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کےلیے کبھی کرکٹ ڈپلومیسی توکبھی مینگوڈپلومیسی اورکبھی ساڑھی ڈپلومیسی کاسہارالیا گیا لیکن اس بارسالگرہ ڈپلومیسی دیکھنے میں آئی ہےدونوں ملکوں کے درمیان کیسی، کیسی ڈپلومیسی ہوئی ہے ۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان اوربھارت کے تعلقات میں اتارچڑھاؤ آتا ہی رہتا ہےکبھی حالات اتنے اچھے ہوتے ہیں کہ بڑے بڑے معاملات پر بات ہوجاتی ہے تو کبھی معمولی تنازعات بھی طویل ہوجاتے ہیں ان مسائل کے حل کیلئے بیک ڈورمذاکرات توہوتے ہی رہتے ہیں مگر ان تعلقات میں نیا رنگ لائے سابق صدر جنرل ضیاءالحق  جنہوں نے کرکٹ ڈپلومیسی کا آغاز کیا وہ انیس سوستاسی میں ایک ایسے وقت میں پاک بھارت میچ دیکھنے بھارت جاپہنچے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی انتہائی سطح کو چھو رہی تھی۔ دوہزارپانچ میں صدرجنرل پرویزمشرف نے کرکٹ ڈپلومیسی کااستعمال کیاتو دوہزارگیارہ میں من موہن سنگھ نے اسی سفارت کاری کے تحت پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کوورلڈکپ دوہزارگیارہ کے سیمی فائنل میں پاک بھارت میچ دیکھنےکیلئے مدعو کرلیا۔ پھر آئی ساڑھی ڈپلومیسی وزیراعظم نوازشریف دوہزارتیرہ میں نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں گئے تو ان کی والدہ کوساڑھی کاتحفہ بھی دیا جس کاجواب مودی نے پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کی والدہ کے لیے شال بھجواکرمثبت اندازمیں دیا۔ اس عرصے میں مینگوڈپلومیسی بھی سامنے آئی اور تلخ صورت حال میں مٹھاس پیدا کرنے کیلئے آموں کا سہارالیا گیا دوہزاردس میں بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے پاکستانی ہم منصب یوسف رضاگیلانی کےلئےآموں کاتحفہ بھجوایا۔تودوہزارچودہ اورپندرہ  میں پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نے نریندرمودی  کے لئے آموں کاتحفہ بھیجا۔ اب تعلقات کوکسی نہج پر ڈالنے کیلئےدونوں وزرائے اعظم نے سالگرہ ڈپلومیسی کا سہارا لیاہے۔نریندرمودی نے وزیراعظم نوازشریف کو سالگرہ پر مبارک باد دی اورپھر دونوں میں اچانک ملاقات طے پاگئی اور نریندر مودی تمام تر سفارتی آداب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایمرجنسی لاہور کے ایئرپورٹ پر پہنچے اورسیدھے نواز شریف کے ساتھ جاتی عمرہ چل دیئے ۔