Tuesday, April 23, 2024

پاک بھارت تجارت کی معطلی سے بھارت کو شدید جھٹکا لگے گا

پاک بھارت تجارت کی معطلی سے بھارت کو شدید جھٹکا لگے گا
August 8, 2019
اسلام آباد( روزنامہ 92 نیوز)پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تجارت ختم کرنے سے 2 ارب ڈالر سے زائد کی تجارت متاثر ہوگی جس کا نقصان بھارت کو زیادہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق  اس وقت دو طرفہ تجارت بھارت کے حق میں ہے اور پاکستان کی بھارت کیلئے برآمدات کا حجم صرف 32کروڑ 40لاکھ ڈالر ہے جب کہ پاکستان کی درآمدات کاحجم 1ارب 80کروڑ ڈالر ہے ۔ پاک بھارت تجارت کا سالانہ حجم  2ارب 12کروڑ 40لاکھ ڈالرز ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ دوطرفہ تجارتی تعلقات ختم کرنے کی سمری وفاقی کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزارت تجارت آئندہ کابینہ اجلاس میں سمری منظوری کیلئے پیش کرے گی جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعددرآمدوبرآمد آرڈرزمیں ترا میم کا ایس آرو جاری کیا جا ئیگا۔ ادھروزیراعظم آفس نے وزارت تجارت کو سمری کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے ،واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بھار ت کی پاکستان کو 80فیصدبرآمدا ت جبکہ پاکستان سے صرف 20فیصد برآمدات ہیں ،  باہمی تجارتی تعلقات بھارت کی ہٹ دھرمی اور غلط رویہ کی وجہ سے فروغِ نہیں پا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت 5فیصد سے زیادہ نہیں۔

پاک بھارت تناؤ میں کمی لانا چاہتے ہیں ، چین ‏

بھارت کے متعصبانہ رویے کی وجہ سے پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت نے سال 1995  میں  پاکستان کو دیا جانے والا پسندیدہ ملک کا درجہ ختم کرکے پاکستان کی اشیا پر 200فیصد درآمد ی ڈیوٹی لگا دی جس کی وجہ سے پاکستان کی بھارت کو برآمدات میں کمی واقع ہوئی جبکہ بھارت کی پاکستان کو برآمدات میں اضافہ ہوا اور پاکستان کا بھارت سے تجارتی خسارہ سوا ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔ اعدادوشمار کے مطابق 18-2017 کے درمیان پاک بھارت تجارت ایک ارب 84کروڑ ڈالر تھی جس میں 80فیصد بھارت کی پاکستان کو برآمدات تھیں ، گزشتہ مالی سال پاک بھارت باہمی تجارت میں10 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔ اس طرح پاکستان کا بھارت سے تجارتی خسارہ سوا ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ،  وزارت تجارت کے مطابق گزشتہ مالی سال 19-2018 کے دوران پاک بھارت باہمی تجارت 2ارب 12کروڑ رہی ، بھارت نے ایک ارب 80کروڑ ڈالر کا سامان پاکستان کو برآمد کیاجبکہ پاکستان نے صرف 32کروڑ ڈالر کا سامان بھارت برآمد کیا ۔جس میں سیمنٹ،نمک،تازہ پھل،خشک میوہ جات،پٹرولیم مصنوعات،چمڑا،سوڈا،المونیم اور دیگر اشیا شامل ہیں۔ بھارت سے پاکستان ٹیکسٹائل کی مصنوعات،مشینری،کاٹن،سبزیاں،پھل،سویابین اور دیگر اشیا درآمد ہوئیں ،تجارتی تعلقات کے خاتمے سے بھارت کو شدید دھچکا پہنچے گا۔