Wednesday, May 8, 2024

پاک بنگال ٹیسٹ کا دوسرا روز، شان مسعود اور بابر اعظم کی شاندار سینچریاں

پاک بنگال ٹیسٹ کا دوسرا روز، شان مسعود اور بابر اعظم کی شاندار سینچریاں
February 8, 2020
راولپنڈی ( 92 نیوز) پاک بنگال ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کا دوسرا روز پاکستانی بلے بازوں کے نام رہا ، شان مسعود اور بابر اعظم کی شاندار سینچریوں کی بدولت دوسرے روز کے اختتام  پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز  بنا لئے ، پاکستان نے بنگلہ دیش پر 109 رنز کی برتری حاصل کر لی ۔ پاک بنگال ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے روز پاکستانی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ، گو کہ پاکستان کی جانب سے آغاز اچھا نہ کیا جا سکا ، اوپنر عابد علی بغیر کوئی رن بنائے ابو جاید کی گیند پر وکٹ کیپر لٹن داس کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے ۔ ٹاپ آرڈر کپتان اظہر علی بھی 34 رنز پر ہمت ہار گئے ، اس طرح 93 رنز کے مجموعی اسکو رپر  پاکستان کی دو وکٹیں گر چکی تھیں ۔ اوپنر شان مسعود اور مڈل آرڈر بابر اعظم نے ٹیم کی ڈولتی ناؤ کو سنبھالا دیا ، دونوں کھلاڑیوں نے شاندار سینچریاں جڑیں  اور ٹیم کو بے یقینی کی صورتحال سے باہر نکال دیا۔ اوپنر شان مسعود نے 11 چوکوں کی مدد سے 100 اسکور بنائے  ، وہ 54ویں اوور میں  تیج الاسلام کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ بابر اعظم  کے ساتھ تجربہ کار اسد شفیق کریز پر رکے تو  رنز تیزی سے آگے بڑھے ، دونوں کھلاڑیوں نے بنگالی شیروں کا خوب امتحان لیا اور دن کے اختتام  تک اسکور کو 342 تک پہنچا دیا ۔ بابر اعظم 143 جبکہ اسد شفیق 60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ پاکستان کو بنگلہ دیش پر 109 رنز کی سبقت حاصل ہے جبکہ ابھی 7 وکٹیں اور تین دن کاکھیل موجود ہے ۔ اس سے قبل گزشتہ روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی ۔مڈل آرڈر محمد مٹھن 63 اور ٹاپ آرڈر نجم الحسین 44 رنز کے ساتھ نمایاں تھے ۔بنگلہ دیش کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے تھے ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 ،محمد عباس اور حارث شاہ نے دو دو وکٹیں جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔