Friday, March 29, 2024

پاک بحریہ ہرطرح کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، نیول چیف

پاک بحریہ ہرطرح کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، نیول چیف
July 2, 2020
لاہور (92 نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ہرطرح کے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا۔ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق نے ان کا استقبال کیا۔ نیول چیف نے 49 ویں نیول اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتےہوئے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں میری ٹائم سکیورٹی کو درپیش مختلف چیلنجز کا ذکر کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے کورس کے شرکاء کو مشورہ دیا کہ وہ بحری سرحدوں کی حفاظت کرنے کے اپنے مقدس مقصد کے حصول میں پاک بحریہ کی بنیادی اقدار یعنی ایمان کی مضبوطی، کردارکی پختگی، بہادری اور استقامت سے کام لیں۔اور اس سلسلے میں اسلامی اقدار اور نظریہ پاکستان سے تحریک حاصل کریں۔ امیر البحر نے پاک بحریہ کو خطے کی ایک مضبوط بحری قوت بنانے کیلئے جاری مختلف دفاعی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ کورس کے شرکاء نے ہندوتوا آئیڈیالوجی، بھارت اور پاکستان کے مسلمانوں پر اس کے اثرات کے موضوع پر ایک مقالہ بھی پیش کیا۔