Thursday, April 25, 2024

پاک بحریہ کے شہید کمانڈو محمد عباس خان پورے عسکری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

پاک بحریہ کے شہید کمانڈو محمد عباس خان پورے عسکری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
May 13, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پی سی ہوٹل گوادر میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک بحریہ کے ایس ایس جی کمانڈو محمد عباس خان کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کی گئی جبکہ آخری رسومات اُن کے آبائی گاﺅں ہری پور میں ادا کی گئیں۔ کراچی میں نماز جنازہ میں گورنر سندھ جناب عمران اسماعیل اور پاک بحریہ کے سینئر آفیسرز جن میں کمانڈر کوسٹ ، کمانڈر کراچی ، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر لاجسٹکس شامل تھے ، نے شرکت کی۔ بعد ازاں سپیشل سروس گروپ (نیوی )کے شہید عباس خان کی آخری رسومات ان کے آبائی گاﺅں میں ادا کی گئیں اور ان کو پورے عسکری اعزازکے ساتھ سپر د خاک کیا گیا۔ پاک بحریہ کے دستے نے شہید عباس خان کو اعزازی سلامی پیش کی۔ پاک بحریہ کے سربراہ کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ شہید کی آخری رسومات میں نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد اور نارتھ کمانڈ کے اعلیٰ آفیسرز نے شرکت کی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شہداءکو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہداءکے اہلِ خانہ کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قومی دفاع کو مستحکم کرنے اور ملک میں دہشت گردی کو روکنے میں شہداءکی قربانیاں لائقِ تحسین ہیں۔ پاک بحریہ کے آفیسرز و جوانوں کے علاوہ پاک آرمی اور پاک فضائیہ کے آفیسرزوجوانوں، عزیز و اقارب اور لوگوںکی کثیر تعداد نے شہید کی نماز جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کی۔