Saturday, April 27, 2024

پاک بحریہ کے سربراہ کی اٹلی کے بحریہ کے سربراہ سے ملاقات، اٹالین نیول کالج میں خطاب

پاک بحریہ کے سربراہ کی اٹلی کے بحریہ کے سربراہ سے ملاقات، اٹالین نیول کالج میں خطاب
September 27, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اٹلی کے سرکاری دورے کے دوران اٹلی کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل والٹر گیرارڈیلی اور کمانڈر ان چیف اٹالین نیول فلیٹ ایڈمرل ڈونیٹو مارزانو کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ روم میں اٹلی کے نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر اٹلی کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل والٹر گیرارڈیلی نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پر تپاک استقبال کیا۔ اس موقع پرنیول چیف کوروایتی ملٹری اندازمیں سلامی پیش کی گئی۔ بعد ازاں، ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ایڈمرل والٹر گیرارڈیلی کے مابین باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ بحری اشتراک پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کے اُموربھی زیرِ غور رہے ۔ نیول چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم و کردار بشمول بحری قزاقی اور دہشت گردی کے خلاف ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے قیام میں پاکستان نیوی کے کردار پر روشنی ڈالی ۔ اٹلی کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل والٹر گیرارڈیلی نے علاقائی امن و امان کے استحکام میں پاکستان نیوی کی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات کے بعد سربراہ پاک بحریہ کوریجنل مسائل پر اٹلی کی بحریہ کے نقطہ نظر اورآپریشنل پہلوﺅں پربریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں، چیف آف دی نیول سٹاف نے کمانڈر اِن چیف اٹالین نیول فلیٹ ایڈمرل ڈونیٹو مارزانو کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران، باہمی دلچسپی کے امور بشمول بحری امن و استحکام، بحری قزاقی کے خلاف آپریشنز، منشیات کی سمگلنگ اور آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانے سے متعلق امور زیر بحث رہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے وینس میں واقع اٹلی کی بحریہ کے اسٹاف کالج کا دورہ کیا اور کالج فیکلٹی اور اسٹاف سے بات چیت کے ساتھ ساتھ کالج میں زیرِ تعلیم آفیسرز کو لیکچر دیا۔ لیکچر کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحرِہند کی جغرافیائی اہمیت اور علاقائی امن و استحکام کے قیام میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ قبل ازیں، نیول چیف نے اٹلی میں تعینات پاکستان کے سفیر ، عزت مآب ندیم ریاض سے بھی ملاقات کی۔ نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین بالعموم اور دونوں بحری افواج میں بالخصوص بحری تعلقات میں فروغ کا باعث بنے گا۔