Saturday, May 18, 2024

پاک بحریہ کے سربراہ کی اردن کی رائل نیول فورس ، ائیر فورس کے سربراہان سے ملاقات

پاک بحریہ کے سربراہ کی اردن کی رائل نیول فورس ، ائیر فورس کے سربراہان سے ملاقات
January 25, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اردن کی رائل نیول فورس کے سرابراہ بریگیڈئیر جنرل ابراہیم سلمان ال نعمت اور رائل اردن ائیر فورس کے سربراہ میجر جنرل یوسف ال حنائتی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اقابہ میں واقع اُردن کی رائل نیول فورس کے ہیڈکوارٹرز آمد پر رائل اردن نیول فورس کے سربراہ بریگیڈئیر جنرل ابراہیم سلمان ال نعمت نے پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نیول چیف کو روایتی اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی گئی۔ ملاقات کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے باہمی دلچسپی کے اُمور اور بحری اشتراک پر تبادلہ خیال کیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے انسدادِ دہشت گردی ،بحری قذاقی کی بیخ کنی کے آپریشنز اور بحری امن واستحکام کے قیام کیلئے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی ۔ ملاقات کے دوران نیول چیف نے پاکستان نیوی کی میزبانی میں فروری 2019 میں منعقد کی جانے والی''امن 2019 '' کثیر المکی بحری مشق کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دونوں ملکوں کی بحری افواج کے مابین تکنیکی افرادی قوت اور پیشہ وارانہ مہارتوں کی فراہمی اور تربیت کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی بات چیت کی۔ رائل اُردن نیول فورس کے سربراہ نے پاک بحریہ اور رائل نیول فورس کے مابین مختلف شعبوں میں قائم مضبوط اور قریبی بحری تعلقات کو سراہا۔ قبل ازیں سربراہ پاک بحریہ نے اردن کی رائل ائیر فورس کے سربراہ سے ملاقات کی۔ رائل ائیر فورس ہیڈ کوارٹرز آمد پر نیول چیف کو روایتی اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی گئی۔ ملاقات کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے باہمی دلچسپی کے اُمور اور دفاعی تعاون پر روشنی ڈالی ۔ اردن کی رائل ائیر فورس کے سربراہ میجر جنرل یوسف ال حنائتی نے دونوں ممالک کے مابین قریبی برادرانہ اور مضبوط دفاعی تعلقات کو سراہا اورمیری ٹائم امن و سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات میں مضبوطی اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین دفاعی تعاون میں وسعت کا باعث ہو گا۔