Saturday, May 11, 2024

پاک بحریہ کے سربراہ نے مارگلہ کے پہاڑوں پر چیڑ کے درختوں کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

پاک بحریہ کے سربراہ نے مارگلہ کے پہاڑوں پر چیڑ کے درختوں کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا
August 30, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مارگلہ کے پہاڑوں پر چیڑ کے درختوں کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے خطاب میں کہا کہ سماجی اقتصادیات اور ایکو سسٹم کی بہتری کے لیے جنگلات کا اُگاﺅ نہایت ہی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کا مقصدحکومتِ پاکستان کے وژن کے مطابق”گرین پاکستان“ پروگرام جیسی قومی کاوشوں میںمعنی خیز کردار ادا کرنا ہے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ خوراک، ریشے، روزگار، وسائل اور پانی میں اہم کردار ادا کرنے کے علاوہ درخت موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کی شدت کو کم کرنے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ گزشتہ تین عشروں کے دوران پاکستان میں زمینی خطے کے لحاظ سے جنگلات کے تناسب میں تشویش ناک حدتک کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سماجی اقتصادیات اور ایکو سسٹم کی بہتری کے لیے جنگلات کا اُگاﺅ نہایت ہی اہم ہے۔ موسمیاتی تغیر کے اثرات تشویش ناک ہیں جن کو ناقابل  پیشگوئی موسمی صورت حال کی شکل میں محسوس کیا جا رہا ہے۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا کہ 80 کی دہائی کے اوائل میں مارگلہ کے پہاڑ موسم  سرما میں برف کی سفید چادر اوڑھ لیتے تھے لیکن مارگلہ کے پہاڑوں کا یہ حسن اب قصہ پارینہ بن چکا ہے جس کی بنیادی وجہ موسم کی تبدیلی ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے تمام ہم وطنوں پر زور دیا کہ اس اعلیٰ مقصد میں ساتھ دیں اور کم ازکم ایک درخت اُگانے کا عہد کریں اور آنے والی نسلوں کو بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں مدد کریں۔ شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب میں مختلف معزز سول شخصیات بشمول سیکرٹری وزارتِ موسمیاتی تبدیلی، آئی جی فارسٹ، چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد، میئر اسلام آباد، چیئرمین پاکستان ایگری کلچر ریسرچ کونسل، قائد اعظم و بارانی یونیورسٹی کے وائس چانسلرز نے بھی شرکت کی۔