Friday, March 29, 2024

پاک بحریہ کے زیراہتمام ساتویں کثیرالملکی امن مشقوں کا آغاز

پاک بحریہ کے زیراہتمام ساتویں کثیرالملکی امن مشقوں کا آغاز
February 12, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کراچی میں پاک بحریہ کے زیراہتمام ساتویں کثیرالملکی امن مشقوں 2021 کا پُروقار تقریب سے آغاز ہوگیا۔

کراچی میں ساتویں کثیر الملکی بحری امن مشقیں شروع ہو گئیں۔ پرچم کشائی، رنگا رنگ آتشبازی اور فضاء میں غبارے چھوڑ کر مشقوں کا آغاز کیا گیا۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مشق میں حصہ لینے والے ممالک کے اعلیٰ عسکری نمائندگان، مندوبین، سفراء اور پاک بحریہ کے افسران و جوانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے اپنے پیغام میں کہا پاک بحریہ خطے میں امن و استحکام کیلئے ہروقت کوشاں ہے۔ پاک بحریہ نے میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ 25 ویں بحری بیڑے کے کمانڈر کموڈور امتیازعلی نے نیول چیف کا پیغام پڑھ کرسنایا۔

مہمان خصوصی رئیرایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا امن مشقوں سے خطے کی سکیورٹی مزید مضبوط ہوگی۔ بحری افواج کے درمیان تعلقات کو فروغ ملے گا۔

امن مشقوں میں 45 ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔ مشقیں 16 فروری تک جاری رہیں گی۔

علاوہ ازیں، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز پاک بحریہ کے زیر انتظام کل سے 15 فروری تک 2021ءعالمی میری ٹائم کانفرنس کا بھی انعقاد ہوگا۔

انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس میں محفوظ اور مستحکم سمندری ماحول میں بلو اکانومی کا فروغ ’’ مغربی بحر ہند کا مشترکہ مستقبل ‘‘ کے عنوان پرشہرت یافتہ قومی اور بین الاقوامی سکالرز اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔