Saturday, April 20, 2024

پاک بحریہ کے زیر اہتمام ‘‘ ہندتوا نظریے اور اثرات ’’ پر سیمینار

پاک بحریہ کے زیر اہتمام ‘‘ ہندتوا نظریے اور اثرات ’’ پر سیمینار
February 26, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) میری ٹائم سینٹر آف ایکسلینس کے زیر اہتمام پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں ہندتوا نظریہ اور خطے پراس کے اثرات سے متعلق ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پاک بحریہ کے زیر اہتمام اس سیمینار میں سرکاری و نجی شعبے کے ساتھ ساتھ لاہور کی ممتاز یونیورسٹیوں کے اسکالرز، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نشست کے دوران ممتاز مقررین نے ہندتوا نظریات کے متعدد پہلوئوں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی۔ نشست کے دوران آر ایس ایس کے ذریعے بی جے پی حکومت کے ہندتوا نظریہ کا انکشاف کیا گیا۔ اس کے علاوہ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر فطری تشدد کی وجہ سے جنوبی ایشائی خطے میں پیش آنے والے ممکنہ تصادم کی نشاندہی بھی کی۔ یہ سیمینارمیری ٹائم سینٹر آف ایکسلینس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا پہلا سیمینار تھا، جس میں مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے مظالم کو واضح طور پر اجاگر کیا گیا اور حق خودارادیت کے ناگزیر حق کے حصول کے لئے کشمیریوں کی بہادری اور جائز جدوجہد پر بھی زور دیا گیا۔   پاک بحریہ نے گذشتہ سال پی این وار کالج لاہور میں میری ٹائم سینٹر آف ایکسلینس کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا مقصد قومی سلامتی سے وابستہ سمندری امور سے متعلق افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہے۔ میری ٹائم سینٹر آف ایکسلینس قومی مرکز کے طور پر کام کرتا ہے جس میں بیک وقت میری ٹائم سکیورٹی اور بلیو اکانومی پر علمی اور تحقیقی کام سرانجام دیا جاتا ہے۔