Monday, May 20, 2024

پاک بحریہ کے جہازپی این ایس عالمگیر کا سعودی بندر گاہ کا دورہ

پاک بحریہ کے جہازپی این ایس عالمگیر کا سعودی بندر گاہ کا دورہ
September 28, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر نے ہیلی کاپٹر ایلوٹ کے ہمراہ سعوی عرب کی بندر گاہ جدہ کا دورہ کیا۔ جدہ بندرگاہ پہنچنے پر بحری جہاز کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ بندر گاہ قیام کے دوران کمانڈنگ آفیسر پی این ایس عالمگیر نے ڈپٹی ویسٹرن فلیٹ کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ملاقات کی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ملاقات کے دوران سعودی بحریہ کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور سلطنت ِ سعودیہ عرب کے 89 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین کثیر الجہتی دیرینہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ پی این ایس عالمگیر کا دورہ اس کی بہترین مثال ہے۔ بندرگاہ قیام کے دوران پی این ایس عالمگیر پر ایک استقبالیہ عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ روس، ترکی، صومالیہ، قازقستان، جنوبی افریقی، فلپائین، کیمرون، مصری، تھائی لینڈ اور ایریٹیریا کے سفارتکار شریک تھے۔ پاک بحریہ کے بحری جہاز عالمگیر کے جدہ دورے کا مقصد حکومت پاکستان کی پالیسی کے تحت دونوں برادر ممالک کے مابین مستقبل میں تعاون اور باہمی تعلقات کے لئے نئی راہیں متعین کرنا تھا۔ علاوہ ازیں، دورے کا ایک اور مقصد پاک بحریہ اور رائل سعودی بحریہ کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔ دورے کے اختتام پر بحری جہاز شمالی بحیرہ عرب میں اپنے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول پر دوبارہ روانہ ہو گیا۔