Monday, May 13, 2024

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نصر کا ممباسا، کینیا کا خیرسگالی دورہ

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نصر کا ممباسا، کینیا کا خیرسگالی دورہ
March 31, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) برِ اعظم افریقہ میں تعیناتی کے دوران پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نصر نے کینیا کے شہر ممباسا کا خیر سگالی دورہ کیا۔

ممباسا بندرگاہ آمد پر جہاز کا استقبال پاکستان کے ہائی کمشنر، پاکستان کے مشیر دفاع اور میزبان بحریہ کے حکام نے کیا۔

ممباسا میں قیام کے دوران مشن کمانڈر اور پی ا ین ایس نصر کے کمانڈنگ آفیسر نے کینیا کے پرنسپل سیکرٹری برائے دفاع، ممباسا کے ڈپٹی گورنر اور کینین بحریہ کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران مشترکہ مفادات کے امور اور باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے کینیا کی عوام کے لیے بالعموم اور کینین نیوی کے لئے بالخصوص خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

مشن کمانڈر نے غیر قانونی بھارتی زیرِتسلط جموں اور کشمیر کے عوام پر بھارتی مسلح افواج کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بگڑتی صورتحال سے معززین کو آگاہ کیا۔ انھوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیر قانونی الحاق اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اس کی متنازعہ حیثیت پر بھی روشنی ڈالی۔

قبل ازیں پی این ایس نصر نے افریقی برِاعظم میں تعیناتی کے دوران جبوتی، سوڈان اور بینائن کا دورہ کیا تھا۔ اِن دوروں کے دوران پاک بحریہ کے جہاز نے جذبہ خیرسگالی و دوستی کے تحت اِن ممالک کو اشیاءِ خوردونوش کا تحفہ دیا۔

پی این ایس نصر کا حالیہ دورہ حکومت کی اِنگیج افریقہ پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ اشتراک، باہمی روابط کا فروغ اور مشترکہ آپریشنز کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔