Thursday, April 25, 2024

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شاہجہان کا عمان کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شاہجہان کا عمان کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ
July 23, 2019

 کراچی (92 نیوز) ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول تعیناتی کے ضمن میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شاہجہان نے عمان کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ کیا۔

 پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شا ہجہان نےAL-43 ہیلی کاپٹر سمیت عمان کی بندرگاہ سلطان قابوس مسقط کا دورہ کیا۔ پی این ایس شا ہجہان شمالی بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول(RMSP) کے ضمن میں تعینات ہے ۔

پی این ایس شا ہجہان کی تعیناتی کا بنیادی مقصد شمالی بحیرہ عرب کے پانیوں کو بین الاقوامی تجارت کے لئے محفوظ اور پر امن بنانا ہے۔ پی این ایس شاہجہان پاک بحریہ کے بحری بیڑے کے پچیسویں ڈسٹرائیرسکواڈرن کا جنگی جہاز ہے جو مختلف النوع خطرات سے نمٹنے کے لئے کسی بھی قسم کے میری ٹائم آپریشنز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

سلطان قابوس بندرگاہ آمد پر عمانی بحریہ کے آفیسرز اور سیلرز نے پاک بحریہ کے جہاز کا پر تپاک استقبال کیا ۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران کمانڈنگ آفیسر پی این ایس شاہجہان نے ودام نیول بیس کے بیس کمانڈر کموڈور سیف بن محمد سے ملاقات کی اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے عمان کی عوام کے لئے بالعموم اور عمانی نیوی کے لئے بالخصوص نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ آپ نے کہا کہ پی این ایس شاہجہان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک کا مظہر ہے ۔

بندرگاہ قیام کے دوران پاک بحریہ کے جہاز پر پاکستان کے سفیر جناب عزت مآب علی جا وید کی میزبانی میں ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام عمان کے خصوصی دن 'نشاة ثانیہ کا دن' منانے کیلئے کیا گیا تھا۔ یہ دن 23 جولائی 1970 کی یاد میں منایا جاتا ہے جب جناب عزت مآب سلطان قابوس بن صید نے عمان کی سلطنت کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔

رائل نیوی آف عمان کے ڈائریکٹر جنرل آپس اینڈ پلانز، کموڈور ڈاکٹر خامیس بن سلیم ال جابری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں 15 مختلف ممالک کے سفراء اور ہیڈ آف مشنز، رائل نیوی آف عمان کے آفیسرز، سیلرز اور کثیر تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔

سلطان قابوس بندرگاہ کے دورے کے دوران پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شاہجہان کے آفیسرز اور سیلرز کے مابین باہمی بات چیت کا بھی انعقاد کیا گیا۔ دورے کے اختتام پر پی این ایس شاہجہان نے عمانی بحریہ کے جہاز کے ساتھ باہمی مشق کا بھی انعقاد کیا۔

بعدازاں پی این ایس شاہجہان نے شمالی بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کا دوبارہ آغاز کر دیا۔

پاکستان اور عمان دوستی اور بھائی چارے کے لازوال بندھن میں جڑے ہوئے ہیں۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شاہجہان کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک کے فروغ کا باعث بنے گا۔