Friday, May 3, 2024

پاک بحریہ کے جہاز طغرل کا فلپائن کا دورہ

پاک بحریہ کے جہاز طغرل کا فلپائن کا دورہ
November 27, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ کے جہاز طغرل نے پاکستان کا پرچم لہراتے ہوئے جذبہ خیر سگالی کے تحت فلپائن کی بندرگاہ منیلا کا دورہ کیا۔

بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے جہاز طغرل کا فلپائن میں پاکستان کے سفیر، پاکستان کے دفاعی اتاشی اور فلپائن بحریہ کے حکام نے استقبال کیا۔

بندرگاہ کے دورے کے دوران، فلپائن بحریہ کے فلیگ آفیسران کمانڈ وائس ایڈمرلAdelaide S Bordado، ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس کالج فلپائن کے کیپٹن Aldarin C Cuna، فلپائن میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر امتیاز احمد قاضی اور ہیڈ آف چانسری محترمہ سعدیہ اعوان نے جہاز پی این ایس طغرل کا دورہ کیا اور کمانڈنگ آفیسر کیپٹن شاھد احمد سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی مقاصد اور بحری تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورہ کرنے والے معززین کو بحر ہند میں پاک بحریہ کے کردار اور تربیتی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی طرف سے فلپائن کی عوام کے لیے بالعموم اور فلپائن بحریہ کے لیے بالخصوص نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پی این ایس طغرل کا حالیہ دورہ فلپائن دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریگا۔