Friday, May 17, 2024

پاک بحریہ کے بحری جہاز عالمگیر کا عمان کی بندرگاہ صلالہ کا دورہ

پاک بحریہ کے بحری جہاز عالمگیر کا عمان کی بندرگاہ صلالہ کا دورہ
September 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاک بحریہ کے بحری جہاز عالمگیر نے ایلوٹ ہیلی کاپٹر کے ساتھ عمان کی بندرگاہ صلالہ کا دورہ کیا۔ یہ دورہ پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول  کے تحت بین الاقوامی سمندر میں تعیناتی کا حصہ تھا۔ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کا مقصد حساس چوک پوائنٹس کے اطراف بین الاقوامی تجارت کی روانی کو یقینی بنانا ہے۔ پی این ایس عالمگیر جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرزسے لیس ہے اورکثیر خطرات میں متعددسمندری آپریشنز کرنے کی صلاحیت کاحامل ہے۔ صلالہ پہنچنے پر پی این ایس عالمگیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا ، عمان میں پاکستان کے دفاعی اتاشی بھی اس موقع پر موجود تھے ،  بندر گاہ پر قیام کے دوران کمانڈنگ آفیسرپی این ایس عالمگیر نے سدرن نیول ایریا کمانڈر اور ڈپٹی کمانڈر 11 انفینٹری بریگیڈ آف رائل نیوی آف عمان سے ملاقات کی اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے رائل نیوی آف عمان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ پی این ایس عالمگیر کا دورہ دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین موجودکثیر الجہتی دیرینہ تعاون کا مظہرہے۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران ایک استقبالیہ عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مسقط میں قیام پذیر نمایاں پاکستانی شخصیات اور عمان کی مسلح افواج کے افسران اورجوانوں نے شرکت کی۔ جنوبی نیول ایریا کمانڈر نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، بندر گاہ کے دورے کے دوران پی این ایس عالمگیر کے افسران اور جوانوں نے رائل نیوی آف عمان کے اہلکاروں سے بھی گفت و شنید کی۔ بعد ازاں بحری جہاز کو عوام کے لئے کھول دیا گیا جس کے دوران رائل نیوی آف عمان کے عملے اورمسقط میں پاکستانی افرادنے بحری جہاز کا دورہ کیا۔دورے کے اختتام پر پی این ایس عالمگیر نے رائل نیوی آف عمان کے جہاز الراسخ کے ساتھ مشترکہ مشق میں بھی حصہ لیا۔