Friday, April 19, 2024

پاک بحریہ کے افسران کیلئے بہترین کارکردگی پر ملٹری اعزازات کی منظوری

پاک بحریہ کے افسران کیلئے بہترین کارکردگی پر ملٹری اعزازات کی منظوری
August 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)  صدرِپاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک بحریہ کے افسران اور سیلرز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کے اعتراف میں ملٹری اعزازات و اسناد کی منظوری دے دی۔ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارتی بحریہ نے اپنی آبدوزیں مادر وطن کی سمندری حدودمیں تعینات کرنے کی کوشش کی تھی جسے پاک وطن کے بہادر سپوتوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے سبب ناکام بنا دیا تھا۔ پاک بحریہ کے پی تھری سی اورین جہاز کے آفیسرز لیفٹیننٹ کمانڈر حمیر افتخار اورلیفٹیننٹ کمانڈر خرم داؤد  نے نہ صرف دشمن کی آبدوز کا سراغ لگایا بلکہ مادر وطن کی سمندری حدود کی خلاف ورزی سے بھی روکا۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دشمن کے ناپاک عزائم کو پسپا کرنے کے لیے پاک بحریہ کی آبدوزیں دشمن کے پانیوں میں کامیابی سے طویل مدتی آپریشنل ڈپلائمنٹ پر تعینات رہیں۔ بہادری اور شجاعت کی اس اعلی اقدام کے اعتراف میں کیپٹن سیدایلیا حسن  اور لیفٹیننٹ کمانڈر حمیر افتخار کو ستارہ بسالت جبکہ لیفٹیننٹ کمانڈر خرم کو تمغہ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی گئی ۔ علاوہ ازیں صدر مملکت نے پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز،سیلرز اور سیویلنز کے لیے بھی عسکری اور سول اعزازات کی منظوری دی ، جن میں تین ہلالِ امتیاز (ملٹری)، دو ستارہ بسالت،  آٹھ تمغہ بسالت، 14 ستارہ امتیاز  اور 13 آفیسرز کیلئے تمغہ امتیاز (ملٹری) شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے ایم سی پی اوز، سی پی اوز اور سیلرز کے لیے چار امتیازی اسناد اور 98 تمغہ خدمت کی بھی منظوری دی گئی۔