Sunday, May 12, 2024

پاک بحریہ کیلئے تیار ملگیم کلاس جہاز کی اسٹیل کاٹنے کی تقریب

پاک بحریہ کیلئے تیار ملگیم کلاس جہاز کی اسٹیل کاٹنے کی تقریب
June 9, 2020
کراچی (92 نیوز) پاک بحریہ کیلئے تیار کئے جانے والے ملجم کلاس جہاز کی اسٹیل کاٹنے کی تقریب کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ منیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس رئیر ایڈمرل اطہر سلیم اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان بحریہ کے لیے چار ملجم کلاس جہازوں کی تیاری کا معاہدہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پروگرام کے تحت ترکی کی سرکاری دفاعی کمپنی اسفات کے ساتھ 2018 میں طے ہوا۔ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پروگرام کے تحت دو جہاز ترکی جبکہ دو جہاز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تیار کئے جائیں گے۔ اسٹیل کٹنگ کی یہ تقریب ترک دفاعی فرم کے اشتراک سے کراچی شپ یارڈ میں مقامی سطح پر تیار کئے جانے والے پہلے ملجم کلاس جہاز کی ہے۔ ملجم کلاس جہازجدید ترین سینسرز اور ہتھیاروں بشمول زیر آب، سطح آب اور فضاءمیں مار کرنے والے میزائل سسٹم اور جدید جنگی نظام سے لیس ہوگا۔ یہ بحری جہاز حربی اعتبار سے پاکستان بحریہ کے سب سے جدید پلیٹ فارمزمیں شامل ہوگا اور بحر ہند میں امن ، استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر کراچی شپ یارڈ کےجنرل منیجر شپ بلڈنگ ، کموڈور محمد جہانزیب احسن نے بتایا کہ مقامی سطح کے میگا پروجیکٹ کے لئے تکنیکی مدد ASFAT کارپوریشن نے فراہم کی ہے۔انہوں نے مقامی سطح پر جنگی جہاز کی تعمیر اور دیگر دفاعی شعبوں میں مشترکہ تعاون کے لئے برادر ملک ترکی کے تعاون کو سراہا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، معززین اور اسفات (ASFAT) کے نمائندوں نے شرکت کی۔