Monday, May 20, 2024

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ
December 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔

کانفرنس میں خطے کی جیو اسٹریٹیجک صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، جوانوں کی تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ امیر البحر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

فورم کے شرکاء نے خطے کی ابھرتی ہوئی میری ٹائم سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

امیر البحر نے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ فورم نے ملک میں کورونا صورتحال کے تناظر میں حکومتی پالیسیوں کے تحت ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے پر زور دیا۔

کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں امیر البحر کی سربراہی میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز موجودہ سکیورٹی صورتحال اور پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیتے ہیں۔