Friday, May 17, 2024

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں انعقاد

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں انعقاد
December 6, 2018
کراچی (92 نیوز) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں انعقاد کیا گیا۔ پاک بحر یہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس کی صدارت پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔ کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں ،ترقیاتی منصوبوں، موجودہ سکیورٹی صورت حال اور ٹروپس کی ٹریننگ اور ویلفیئر سے متعلقہ اُمور کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے سکیورٹی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے ضمن میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے میری ٹائم دہشت گردی ، بحری قزاقی کے خطرات سے عالمی اور قومی بحری تجارت کی حفاظت اور اسلحے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے ذریعے بحر ہند میںمربوط سکیورٹی کے قیام کا اعادہ کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے ماحول خصوصاً میری ٹائم ماحول کے تحفظ کے سلسلے میں پاک بحریہ کی طرف سے ہر ممکن کاوش اور سمندری وسائل کی حفاظت کرتے ہوئے اس کے پائیداراستعمال کے ضمن میں پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کو پاک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس کی حیثیت حاصل ہے جس میں تمام چیفس آف اسٹاف، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں ، منصوبوں اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتے ہیں۔