Friday, May 17, 2024

پاک بحریہ کی کثیر الملکی امن مشقوں 2019 کا آغاز ہو گیا

پاک بحریہ کی کثیر الملکی امن مشقوں 2019 کا آغاز ہو گیا
February 8, 2019
 کراچی (92 نیوز) پاک بحریہ کی کثیر الملکی امن مشقوں دوہزارانیس کا آغاز ہو گیا۔ چھیالیس ممالک کی نیوی کے دستے شرکت کررہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔ مشقوں میں شریک تمام ممالک کے پرچم لہرائے گئے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی مہمان خصوصی تھے۔ امن مشقوں کے آغاز پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں  کہا کہ جدید دور کے چیلنجز کا تقاضا ہے کہ مل کر مقابلہ کیا جائے۔ یہ مشق میری ٹائم تحفظ کے فروغ کے لیے اہم ہے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی  نے امن مشقوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امن مشق ہر دو سال بعد باقاعدگی سےمنعقد ہوتی ہیں۔ پاک نیوی دو ہزار سات سے مشقوں کی میزبانی  کررہی ہے۔ مشترکہ آپریشنز اور تجربات کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ مشقوں میں پاک آرمی بھی شریک ہے۔