Friday, March 29, 2024

پاک بحریہ کی مشقوں میں چالیس سے زائد ملکوں کی اثاثوں سمیت شرکت

پاک بحریہ کی مشقوں میں چالیس سے زائد ملکوں کی اثاثوں سمیت شرکت
February 14, 2021

کراچی (92 نیوز) پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کے بھارتی خواب چکنا چور ہو گئے۔ پاک بحریہ کی امن مشقوں میں امریکا اور برطانیہ کینیڈا، فرانس ، جرمنی ، چین، اٹلی، جاپان، جنوبی کوریا ، روس ،سعودی عرب، ترکی سمیت 40 سے زائد ممالک کی اثاثوں سمیت شرکت ہوئی۔

پاک بحریہ کی امن مشق  دوہزار اکیس کے  تیسرے روز  انسداد دہشت گردی کی عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ کراچی میں منوڑہ کے ساحل پر خصوصی تقریب ہوئی۔ چیئرمین جوائنٹ  چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، مختلف ممالک کے مندوبین اور  ملٹری حکام بھی شریک ہوئے۔

تقریب کا آغاز آرمی، نیوی، فضائیہ ،رینجرز، کوسٹ گارڈز بینڈز نے فوجی ترانوں کی دھنیں بجا کر کیا۔ عملی مشقوں کے دوران ہیلی کاپٹرز اور تیز رفتار بوٹس کی مدد سے اسپیشل فورسز نے مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ مشقوں کے آخر میں پاک فوج کے جوانوں اور دیگر ممالک کے پیرا گلائیڈرز نے پیرا جمپنگ کا دلفریب مظاہرہ پیش کیا۔

امن مشقوں میں کینیڈا، فرانس اور جرمنی کی بحری افواج بھی شامل ہیں۔ چین، اٹلی، جاپان، کوریا اور روس کی بحری فوج بھی شریک ہے۔ سعودی عرب، ترکی، امریکا اور برطانیہ بھی امن 2021 مشقوں میں شریک ہیں۔

بھارت نے 14 فروری 2019 کو پلوامہ کا ڈرامہ کیا مگر تمام تدبیریں الٹی پڑ گئیں۔ آج دو سال بعد دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ بھارت عالمی محاذ پر تنہا نظر آرہا ہے۔