Monday, May 13, 2024

پاک بحریہ کی سندھ میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری

پاک بحریہ کی  سندھ میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری
September 5, 2020

کراچی ( 92 نیوز) پاک بحریہ کی جانب سے سند ھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے بعد کی صورتحال سے نمٹنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے امدادی آپریشن جاری ہے۔ پاکستان بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں سیلاب متاثریں کو تسلسل سے اشیائے خوردو نوش،بنیادی ضروریات اور طبی امداد فراہم کررہی ہیں۔

ضلع بدین اور ضلع ٹنڈو باگو میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پاک بحریہ  کی غوطہ خور ٹیموں نے کشتیوں اور غوطہ خور ی کے خصوصی سامان کے ہمراہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کئے۔

 امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے پاک بحریہ  کی غوطہ خور اور رسپانس ٹیمیں کراچی  سمیت  سندھ کے مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔

پاک بحریہ  کے جوانوں اور موبائل میڈیکل ٹیموں نے سندھ میں اللہ بخش گوٹھ ، میر پور بٹورو ، رمضان گھگر گوٹھ ، عمر گھگر گوٹھ ، سائیں ڈینو جٹ گوٹھ ، اللہ بخش جٹ گوٹھ ، غلام راتھو جٹ گوٹھ ، رجب خان گوٹھ اور مصری جٹ گوٹھ کے علاقوں میں سینکڑوں مقامی افراد کو امدادی سامان اور مفت ادویات فراہم کیں۔

 میڈیکل ٹیم نے سجاول اور میر پور ماتھیلو میں سیلاب کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے والے 300 سے زائد افراد کو طبی امداد بھی فراہم کی۔