Thursday, April 25, 2024

پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نَصر انسانی ہمدردی کے مشن پر بینائن پہنچ گیا

پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نَصر انسانی ہمدردی کے مشن پر بینائن پہنچ گیا
March 5, 2021

کراچی (92 نیوز) پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نَصر انسانی ہمدردی کے مشن پر سوڈان سے ہوتا ہوا مغربی افریقی ملک بینائن پہنچ گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بینائن اور نائجر کے قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کو امدادی سامان فراہم کیا گیا۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے امدادی سامان خصوصی طور پر منعقدہ تقاریب کے دوران دونوں ممالک کے حکام کے حوالے کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے دونوں ممالک کے اعلٰی سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں حکومت اور امیرالبحر کی جانب سے دونوں ممالک کے عوام کیلئے خیرسگالی پیغام پہنچایا۔

ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میزبان حکام نے امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نائجر میں تعینات پاکستانی سفیر کا بینائن کی بندرگاہ کوٹونو آمد پر مقامی حکام کے ہمراہ جہاز کا استقبال کیا گیا ۔ پی این ایس نَصر کی جانب سے دیئے گئے عشایئے میں دونوں ممالک کے اعلی حکام، سفارتی اور مقامی شخصیات نے شرکت کی۔