Friday, May 10, 2024

پاک بحریہ کا تنزانیہ میں میڈیکل کیمپ، آپریشنز اور ادویات کی فراہمی

پاک بحریہ کا تنزانیہ میں میڈیکل کیمپ، آپریشنز اور ادویات کی فراہمی
January 7, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ کی جانب سے تنزانیہ میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کے ساتھ آپریشنز اور ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ تنزانیہ کے عوام نے خیرسگالی کے اقدام کو سراہا اور پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے دو جہاز معاون اور اصلت خیرسگالی مشن پر افریقہ کے مختلف ممالک کا دورہ کرتے ہوتے ہوئے تنزانیہ پہنچ گئے۔ بندرگاہ دارالسلام پہنچے پر میزبان بحریہ نے پاک بحریہ کے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ بحریہ کے جہازوں نے تنزانیہ میں میڈیکل کیمپ لگا رکھا ہے جہاں لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کے ساتھ آپریشنز اور ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشن کمانڈر نے چیف آف نیوی سمیت تنزانیہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے دوران خطے میں سمندری تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پاک بحریہ کے جہاز پر منعقدہ عشایئے میں میزبان بحریہ کے اعلیٰ حکام، سفارتی اور مقامی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور اس پر پاکستانی موقف کو بھی اجاگر کیا گیا۔ دورے کا مقصد پاکستان کے بیانئے، دوطرفہ بحری تعاون اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔