Monday, September 16, 2024

پاک بحریہ کا بیڑہ نسیم البحر سیریز کی مشترکہ مشقوں میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گیا

پاک بحریہ کا بیڑہ نسیم البحر سیریز کی مشترکہ مشقوں میں شرکت کیلئے  سعودی عرب پہنچ گیا
February 10, 2018

کراچی  ( 92 نیوز )  پاک بحریہ کے 5 جہازوں پر مشتمل بحری بیڑہ نسیم البحر سیریز کی مشترکہ مشقوں میں شرکت کے لئے سعودی عرب پہنچ گیا ۔ ترجمان پاک بحریہ کےمطابق پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز اور  ایئر کرافٹ بھی ان مشترکہ مشقوں میں حصہ لیں گے ۔

پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورس کے مابین منعقد ہونے والی مشقوں نسیم البحر، پہلی مشترکہ مائن کاونٹر میژرز مشق اور میرین فورسز کی مشق ڈیرہ الساحل کا آغازہو گیا ہے۔

 یہ مشقیں سعودی عرب کی بندرگاہ الجبیل میں منعقد کی جارہی ہیں۔ یہ نسیم البحر سیریز کی گیارہویں مشق ہے جو کہ 17فروری تک جاری رہے گی ۔

یہ مشقیں پہلی بار سعودی عرب کے سمندر میں منعقد کی جارہی ہیں ، ان کے انعقاد کا مقصد پاکستان اور سعودی بحریہ کے مابین موجود تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ ان مشقوں میں روایتی اور غیر روایتی جنگی چالوں کے ذریعے میری ٹائم آپریشنز کیے جاتے ہیں جس سے دونوں افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بہتر بنایا جاتا ہے۔

[caption id="attachment_158145" align="alignnone" width="500"] OLYMPUS DIGITAL CAMERA[/caption]

قبل ازیں پاک بحریہ کے پانچ جہازوں پی این ایس ذوالفقار، پی این ایس طارق، پی این ایس عظمت، قوت اور پی این ایس منصف پر مشتمل بحری بیڑہ ان مشقوں میں شرکت کے لیے سعودی عرب کی بندرگاہ الجبیل پہنچا۔

 پاک بحریہ کے جہازوں پر موجود ہیلی کاپٹرز اورپی تھری سی اورین ، لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ائیر کرافٹ بھی اس مشق میں حصہ لیں گے۔ پہلی مرتبہ مائن وارفئیر کی مشقیں بھی ان مشترکہ مشقوں کے ساتھ ساتھ منعقد کی جارہی ہیں۔

پاکستانی بحری بیڑے کی سربراہی مشن کمانڈر کموڈور عدنان احمد کر رہے ہیں۔

بندرگاہ الجبیل پہنچنے پر سعودی بحریہ کے سینئیر افسران اور سیلرز نے پاک بحریہ کے جہازوں کا پر تپاک استقبال کیا۔مشق کے پہلے روز کمیونیکیشن بریف اور پاک بحریہ کے جہازوں پر ہاربر فائر ڈیمو سمیت کئی دیگرہاربر کی سرگرمیاں کی گئیں جس سے دونوں افواج کو ایک دوسرے کے تجربوں سے سیکھنے کا موقع ملا۔

 پاک بحریہ کے افسران اور عملے کے لیے رائل سعودی نیول فورس کے ایسٹرن فلیٹ کمانڈ ر ، رئیر ایڈمرل لافی بن حسین الحربی کی جانب سے نیول بیس میس میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

سعودی بحریہ کے افسران کی ایک بڑی تعداد بشمول فلیگ آفیسرز (لاجسٹک ، ایوی ایشن اور میرینز کے کمانڈرز) اور بیس کمانڈرنے اس عشائیے میں شرکت کی۔