Friday, May 17, 2024

پاک بحریہ نے یوم ہنگور پر خصوصی پرومو جاری کردیا

پاک بحریہ نے یوم ہنگور پر خصوصی پرومو جاری کردیا
December 9, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاک بحریہ نے یوم ہنگور پر خصوصی پرومو جاری کر دیا، پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی جنگ 1971ء میں دشمن کیخلاف لازوال کامیابی کو بذریعہ نظم اجاگر کیا گیا۔ ترجمان پاک بھریہ کے مطابق آج کے دن  یعنی 9 دسمبر 1971 ء کو پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کا جنگی جہاز  کُکری غرق آب کیا تھا۔ 9 دسمبر 1971 کو بھارت کی مغربی بندرگاہ پر ہنگور آبدوز نے بھارتی آبدوز کی موجودگی سے متعلق معلومات جمع کیں ،  ہنگور کو ملنے والی معلومات کے مطابق بھارت کے 2 بحری جہاز آئی این ایس کرپان اور آئی این ایس کُکری بحر ہند میں متحرک تھے۔ کمانڈنٹ افسر کمانڈر احمد تسنیم کی قیادت میں  پاکستان کی آبدوز نے ان دونوں جہازوں پر تارپیڈوز سے حملہ کیا، اس حملے میں آئی این ایس کُکری مکمل طور پر تباہ ہوا جبکہ آئی این ایس کرپان کو بھی شدید نقصان پہنچا ،بھارتی جہاز کو ڈبونے کا یہ شاندار کارنامہ بھارت کے مغربی ساحل پر ڈیو ہیڈ کے جنوب مشرق میں 30 میل دور وقوع پزیر ہوا تھا۔ یہ واقعہ بحری جنگی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے کیونکہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب کسی آبدوز نے ایک بحری جنگی جہاز کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا کر سمندر برد کر دیا ہو۔ ہنگور کے کمانڈنٹ افسر کمانڈر احمد تسنیم بعد میں وائس ایڈمرل کے عہدے پر فائز رہے۔ پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کے عملے کی اس بہادری کو سراہتے ہوئے 4 ستارہ جرأت ، 6 تمغئہ جرأت اور 14 امتیازی اسناد سے نوازا گیا۔ یہ تعداد کے لحاذ سے پاک بحریہ کے کسی ایک یونٹ کو دیئے جانے والے بہادری کے تمغوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ پاکستان نیوی کی تاریخی آبدوز ہنگور کراچی میں میری ٹائم میوزیم میں عوام کے لیے موجود ہے، جس سے عوام اپنی نیوی کے شاندار ماضی سے وابستگی ظاہر کرتے ہیں جبکہ اس کے درخشاں حال سے بھی واقف ہوتے ہیں۔ آبدوز کو میری ٹائم میوزیم میں رکھے جانے کی بنیادی وجہ نوجوان نسل کو پاک بحریہ کی کامیابیوں اور قربانیوں سے روشناس کروانا ہے۔