Thursday, April 25, 2024

پاک بحریہ میں چینی ساختہ پہلا 054 ایلفاء گائیڈڈ میزائل فریگیٹ آئندہ ہفتے کمیشن ہوگا

پاک بحریہ میں چینی ساختہ پہلا 054 ایلفاء گائیڈڈ میزائل فریگیٹ آئندہ ہفتے کمیشن ہوگا
November 1, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان اپنا بحری دفاع مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، ذرائع کے مطابق پاکستان کے لیے چینی ساختہ پہلا 054 ایلفاء گائیڈڈ میزائل فریگیٹ آئندہ ہفتے کمیشن ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پاک بحریہ میں پہلا جدید ترین جنگی جہاز ’’پی این ایس تغرل‘‘ کے نام سے شامل ہو گا، پی این ایس تغرل کی کمشننگ تقریب شنگھائی چین میں منعقد ہو گی، پھر کراچی روانہ ہو گا۔

چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی، ہوڈونگ زنگ وا شپ یارڈ نے جہاز کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ چینی ساختہ جنگی جہاز بہترین کمیونیکیشن، سونار نظام، ہیلی لینڈنگ، ہینگر کا حامل ہے۔

فریگیٹ پر 32 سیلز کا عمودی لانچنگ نظام بھی نصب ہے، عمودی لانچ نظام دشمن طیاروں، آبدوز، بحری جہازوں، زمینی اہداف کے خلاف میزائل داغ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے مابین چار 054 ایلفاء فریگیٹس کی خریداری کا معاہدہ 2017ء میں ہوا تھا۔