Sunday, September 8, 2024

پاک بحریہ میں پاکستان کا 52واں یومِ دفاع روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

پاک بحریہ میں پاکستان کا 52واں یومِ دفاع روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا
September 6, 2017

کراچی (92 نیوز) پاک بحریہ میں پاکستان کا 52واں یومِ دفاع نہایت ہی احترام اورروایتی جوش و جذبے سے منا یاگیا۔ یہ دن ہمیں قومی تاریخ کے اس سنہرے باب کی یاد دلاتا ہے جب مسلح افواج کے فقیدالمثال حوصلے اور قوم کے ناقابل تسخیرجذبے نے 1965کی جنگ کے دوران اپنے سے کئی گناہ بڑے اورمکار دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

یومِ دفاع کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے اپنے پیغام میں شہداءاور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیاجنہوں نے ارضِ پاک کی سرحدوں کے دفاع کے لئے بیش بہا قربانیاں دیں جبکہ پوری قوم اپنے بری، بحری اور فضائی جانثاروں کے ساتھ متحد کھڑی تھی۔نیول چیف نے کہا کہ پُر امن بقائے باہمی کی دیرینہ خواہش کے ساتھ ساتھ ہمیں خطے میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں اور چیلنجز سے با خبر رہنے کی ضرورت ہے۔

چونکہ ہمارے مشرقی پڑوس میں ایک حاکمانہ اور جابرانہ سوچ مستحکم ہو رہی ہے چنانچہ، ہم اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر ثابت قدمی اور پُرعزم انداز سے ترقی کر رہا ہے۔ تاہم ترقی کا سفر کبھی بھی چیلنجز سے مبراءنہیں ہوتا۔ میری ٹائم کے شعبے میں بحری قزاقی، بحری دہشت گردی اور منظم جرائم خطے کے امن و استحکام کے لئے سکیورٹی چیلنجز کی شکل اختیار کئے ہوئے ہیں ۔

ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے کہا کہ پاک بحریہ مختلف اقدامات کے ذریعے میری ٹائم اور ساحلی سیکورٹی کو مضبوط بنا رہی ہے جن میں خصوصی ٹاسک فورس88- اورکوسٹل سیکورٹی اور ہاربرڈیفنس فورسز کا قیام قابلِ ذکر ہے۔اس کے علاوہ پاک بحریہ پاک آرمی، پاک فضائیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ”آپریشن ردّالفساد “ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

دن کا آغاز پاک بحریہ کی مساجد میں ملکی سلامتی و استحکام کی خصوصی دعاﺅں کے ساتھ ہوا۔ارضِ پاک کے شہداءکے ابدی سکون کے لئے قراں خوانی کی گئی۔شہداءکی یاد گاروں پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف ریئر ایڈمرل فرخ احمد نے نیول ہیڈکوارٹرز میں واقع شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔پاک بحریہ کی تمام یونٹس اور اسٹبلشمنٹس میں پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں یونٹس اوراسٹبلشمنٹسکے کمانڈنگ آفیسرز نے آفیسرز، سی پی اوز/سیلرز اور نیوی سویلینز سے خطاب کیا اور آج کے دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پاک بحریہ کے جہازوں کو نیوی کے روایتی انداز میں سجایا گیا اور ان پر چراغاں کیا گیا ۔ مزید برآں ، پاک بحریہ کی مختلف یونٹس اور اسٹبلشمنٹس میں کھیلوں کی سرگرمیوں، تقریر،ذہنی آزمائش اور ملی نغموں کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔

پاک بحریہ میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات کے علاوہ کلفٹن کراچی کے ساحل پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاک نیوی ایو ی ایشن اور اسپیشل فورسز نے پیشہ ورانہ مہارتوں کا بھر پورمظاہر ہ کیا۔سندھ کے وزیرِ اعلیٰ جناب مراد علی شاہ نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاک بحریہ کے کمانڈوز نے مغویوں کو بازیاب کرانے کا بھر پور مظاہرہ کیا۔اسپیشل سروس گروپ (نیوی) نے پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرز سے رسوں کی مدد سے اترنے کی مہارت کو استعما ل کرتے ہوئے اپنے فرضی ہدف تک رسائی حاصل کی۔پاک بحریہ کے کمانڈوز کے مظاہرے کے بعد پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے فضائی کرتب اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کا شاندار مظاہرہ کیا۔ پاک بحریہ کے فکسڈ ونگ ایئر کرافٹ اور روٹری ونگ ہیلی کاپٹرز کا فلائی پاسٹ بھی تقریب کا حصہ تھا۔آخر میں تینوں مسلح افواج کے اسپیشل سروسز ونگز نے تقریب گاہ میں موجود مجمع کے عین سامنے فری فال جمپ کا مظاہر ہ کیا ۔