Friday, March 29, 2024

پاک بحریہ میں آج ہنگور ڈے منایا جا رہا ہے

پاک بحریہ میں آج ہنگور ڈے منایا جا رہا ہے
December 9, 2018
کراچی ( 92 نیوز) پاک بحریہ میں ہنگور ڈے کا انعقاد کیا گیا۔  یہ دن 1971 کی پاک بھارت جنگ میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی جانب سے بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس ککری کو سمندر برد کرنے کے عظیم کارنامے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس ککری کو 9 دسمبر کے دن سمندر برد کر دیا تھا جس کی یاد میں 47 واں ہنگور ڈے منانے کے لیے پاک بحریہ کے سب میرین اسکواڈرن نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ ہنگور ڈے کی تقریب پاکستان میری ٹائم میوزیم میں ، پاکستان نیوی سب میرین ہنگور کے عقب میں منعقد کی گئی۔ وائس ایڈمرل( ریٹائرڈ) عبیداللہ خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمان خصوصی کی آمد پر ان کا استقبال کیا ۔ اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے زور دیا کہ 71 کی جنگ میں آبدوز ہنگور پاک بحریہ کا فخر رہی، اس کا بہادر عمل نہ صرف ایک شاندرا جنگی حربہ تھا جس نے بھارتی نیوی کے فریگیٹ جہاز کو سمندر برد کر دیا بلکہ یہ پاک بحریہ کی اسٹریٹجک حکمت عملی کا ایک ایسا آغاز تھا جس نے 71 کی جنگ میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر مسلط کی گئی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر محدود کر دیا۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ آئی این ایس ککری کے ڈوبنے کے ساتھ ہی بھارتی بحریہ کے حوصلے پست ہو گئے اور ان کے کراچی پر حملہ آور ہونے کے مذموم ارادے خاک میں مل گئے۔ آئی این ایس ککری کے ڈوبنے سے بھارتی بحریہ کو جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا جس میں ان کے 18 افسر اور 176 سیلر ہلاک ہوئے۔ بھارتی جہاز کو ڈبونے کا یہ شاندار کارنامہ بھارت کے مغربی ساحل پر ڈیو ہیڈ(Diu Head) کے جنوب مشرق میں 30 میل دور وقوع پزیر ہوا تھا۔ یہ واقعہ بحری جنگی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے کیونکہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب کسی آبدوز نے ایک بحری جنگی جہاز کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا کر سمندر برد کر دیا ۔ پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کے عملے کی اس بہادری کو سراہتے ہوئے 4 ستارہ جرات، 6 تمغہ جرات اور 14 امتیازی اسناد سے نوازا گیا۔ یہ تعداد کے لحاظ سے پاک بحریہ کے کسی ایک یونٹ کو دیئے جانے والے بہادری کے تمغوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) عبیداللہ نے پاک بحریہ کی آبدوز غازی کے جراتمندانہ اقدام کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جو وشاکاپٹنہ کے ساحل سے دور پیش آیا تھا۔ پاک بحریہ کی آبدوز غازی کے خوف سے بھارتی بحریہ کے ائیر کرافٹ کیریر آئی این ایس وکرانت کو مزید مشرق کی جانب اینڈمن جزیروں کی طرف فرار ہونا پڑ گیا تھا جس کے باعث وہ دوران جنگ مکمل طور پر غیر موثر ہو گیا تھا۔ تقریب کے اختتام پرمہمانوں کو پاک بحریہ کی سابقہ آبدوز ہنگور کا دورہ کروایا گیا جو اس وقت میری ٹائم میوزیم کراچی میں نصب ہے، تاکہ ان سنہری یادوں کو تازہ کیا جا سکے۔ تقریب میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کے غازیوں سمیت بڑی تعداد میں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ نیول افسران نے شرکت کی۔