Saturday, April 20, 2024

پاک بحریہ خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،ایڈمرل ظفر محمود عباسی

پاک بحریہ خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،ایڈمرل ظفر محمود عباسی
November 19, 2018
کراچی (92 نیوز)  پاک بحریہ کی مشق سی اسپارک 2018 اختتام پذیر ہو گئی۔ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی اختتامی اجلاس کے مہمان خصوصی تھے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اجلاس میں پاک بحریہ کی جنگی حکمت عملی کا تنقیدی جائزہ لیا گیا۔ مشق سے حاصل کردہ تجربات کی روشنی میں سفارشات پیش کی گئیں۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا پاک بحریہ مادر وطن کو درپیش داخلی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ مستقبل کی منصوبہ بندی کیلئے آپریشنل تیاریوں کا تجزیاتی جائزہ  ناگزیر ہے۔ امیر البحر نے کہا مشق کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مظاہرے قابل تحسین ہیں۔ بحری مشق سی اسپارک کا کامیاب انعقاد باعثِ اطمینان ہے۔ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا سپارک مشق 2018ء شمالی بحیرہ عرب میں منعقد کی گئیں۔ مشق میں نیوی کے جنگی جہازوں، آبدوزوں، طیاروں، کمانڈوز اور میرین فورس نے حصہ لیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی، پاک فضائیہ اور آرمی بھی مشقوں کا حصہ تھے۔ دفاع، داخلہ، خارجہ کی وزارتوں کے نمائندگان بھی مشق میں شریک ہوئے۔