Saturday, April 20, 2024

پاک ایران فوجی کمانڈرز کا سرحد کے دونوں اطراف سکیورٹی سخت کرنے پر اتفاق

پاک ایران فوجی کمانڈرز کا سرحد کے دونوں اطراف سکیورٹی سخت کرنے پر اتفاق
May 12, 2020
 راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد حسین باقری کو ٹیلیفون کیا اور پاکستانی سکیورٹی فورسز پر حالیہ حملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ پاک،ایران سرحد کےقریب حملے میں 6 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایران فوجی کمانڈرز کا سرحد کے دونوں اطراف سکیورٹی سخت کرنے پر اتفاق ہوا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان نے سرحد پر باڑ کی تنصیب شروع کی ہے۔ سرحدی سلامتی یقینی بنانے، انسداد سمگلنگ کیلئے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ دہشتگردوں، منشیات سمگلروں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے موثر اقدامات درکار ہیں۔ اس دوران کورونا وبا کی روک تھام اور سرحدی ٹرمینلز پر اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے علاقائی امن واستحکام کی پاکستانی خواہش کو دوہرایا۔ آرمی چیف نے کہا پاکستان باہمی وقار،عدم مداخلت اورمساوی بنیاد پر امن کا خواہاں ہے۔