Friday, April 19, 2024

پاک آرمی ملکی دفاع اور سلامتی کو درپیش ہر چیلنج سے نمٹنے کو تیار ہے، آرمی چیف

پاک آرمی ملکی دفاع اور سلامتی کو درپیش ہر چیلنج سے نمٹنے کو تیار ہے، آرمی چیف
October 28, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے پاک آرمی ملکی دفاع اور سلامتی کو درپیش ہر چیلنج سے نمٹنے کو تیار ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی کمانڈ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے کوٹ عبدالحکیم میں اسٹرائیک کور کی مشقوں کا بھی مشاہدہ کیا جس میں جارحانہ چالوں اور بڑی آبی رکاوٹوں کو عبور کرنے کی مشقوں کا مظاہرہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں میں شریک دستوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مشقیں فوجیوں کے اعتماد میں اضافہ اور بہترین جنگی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنے کا کلیدی ذریعہ ہیں۔

آرمی چیف نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس فوج کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہترین ٹیکنالوجی سے لیس فوج ہی ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت کا تحفظ کر سکتی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بری فوج پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو درپیش ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ تمام چیلنجز کے باوجود ہماری توجہ پاک فوج کی روایتی صلاحیتیں بڑھانے پر مرکوز ہے۔

جنوبی کمانڈ ہیڈکوارٹرز آمد پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا۔