Tuesday, April 23, 2024

امریکا نے ڈو مور کا مطالبہ نہیں کیا ، شاہ محمود قریشی

امریکا نے ڈو مور کا مطالبہ نہیں کیا ، شاہ محمود قریشی
September 5, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو  سے  ملاقات  کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے  کہا کہ  مائیک پومپیو کی آمد اور آج کی ملاقاتوں کے بعد پاک امریکہ تعلقات میں جو تعطل تھا وہ آج ٹوٹ گیا ہے ۔ آج کی ملاقات میں امریکہ کی خواہشات کو سنا  اور پاکستان کی توقعات اور تحفظات امریکہ کے سامنے رکھے  ۔ واشگاف الفاظ میں کہا تعلق آگے بڑھانا ہے تو بنیاد سچائی پر ہونی چاہئے  ۔ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا  ۔30 کروڑ ڈالر امداد روکنے پر کوئی بات چیت نہیں کی ، پاک امریکہ تعلقات اس سے بالاتر ہیں ، فیصلہ کیا تھا کہ کسی پیسے کی نہیں صرف اصولوں کی بات کرنی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ بہت عرصہ بعد امریکی اعلیٰ سطحی وفد پاکستان آیا ، آج ماحول یکسر بدلا ہوا تھا ، ملاقات بہت خوشگوار ماحول میں ہوئی ، ماحول میڈیا پر چلنے والی منفی خبروں کے برعکس تھا ، ہم نے حقیقت پسندی سے اپنا موقف پیش کیا ، پاکستان کا نقطہ نظر خوداری اور ذمہ داری سے پیش کیا ۔ امریکی وزیر خارجہ نے دورہ امریکہ کی دعوت دی ہے  ، جنرل اسمبلی اجلاس میں جاؤں گا تو امریکہ کا دورہ بھی کروں گا ۔ امریکہ نے بھی اپنی پالیسی کا ازسر نو جائزہ لیا ہے ،ہم بھی  افغانستان کا سیاسی حل چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے امریکہ پر واضح کیا  کہ پاکستان کی نئی حکومت پر قوم کی توقعات ہیں ، حکومت خارجہ پالیسی کو از سر نو دیکھنا چاہتی ہے ،حکومت کا ایجنڈا عوام کی بہتری ،  علاقائی امن اور سلامتی ہے  ، پاکستان نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ امریکہ بھی زیادہ عرصہ افغانستان میں قیام کا خواہاں نہیں ہے ، اس بارے میں کوئی ٹائم لائن نہیں دی جا سکتی ۔ میرا پہلا غیر ملکی دورہ افغانستان کا ہو گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات کے وقت آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے جو واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایک پیج پر موجود ہے ۔ بہت سارے معاملات میں پاکستان اور امریکہ کا نقطہ نظر مختلف ہے، ہم نے مغربی سرحد پر چیلنجز سے نمٹنے  کیلئے بہت سارے اقدامات کئے. شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مشرقی سرحد پرچھیڑ چھاڑ سے مغربی سرحد سے توجہ ہٹے گی، سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی سے  معصوم لوگ نشانہ بنتے ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فرانس کے صدر کے ساتھ فون کال کیلئے نئی تاریخ طے کی گئی ہے ۔