Friday, April 26, 2024

پاک امریکا تعلقات کی کہانی تقریبا ستر سال پر محیط ہے

پاک امریکا تعلقات کی کہانی تقریبا ستر سال پر محیط ہے
July 21, 2019
واشنگٹن (92 نیوز) پاک امریکا تعلقات کی کہانی ویسے تو تقریبا ستر سال پر محیط ہے تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان زیادہ تر سرد مہری نظر آئی۔ پاک امریکا تعلقات کا آغاز تو قیام پاکستان کے ساتھ ہی شروع ہو گیا تھا۔ اس دوران نشیب و فراز بھی بہت آئے اور سسپنس بھی کچھ کم نہیں رہا تاہم ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد امریکا کی جانب سے ڈومور کے سوا کچھ سننے کونہ ملا۔ بیس جولائی دو ہزار سترہ کو امریکی صدر کے عہدے کا حلف اٹھانے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے اکیس اگست کو اپنے پہلے خطاب میں پاکستان کےخلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے الزامات لگائے۔تاہم پاکستان نے تیرہ اکتوبر دو ہزار سترہ کو امریکی شہری کیٹلن کولمین ان کے شوہر جوشوا بوئل اور تین بچوں کو بازیاب کرا کے ٹرمپ کو تعریف کرنے پر مجبور کر دیا۔ دو ہزار اٹھارہ کے آغاز پر داغی گئی امریکی صدر کی ٹویٹ نے واضح کر دیا کہ یہ سال بھی دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری نہیں لاسکےگا۔ انہوں نے پاکستان کو اربوں ڈالر امداد بند کر کے بے وفائی کا الزام لگایا تو وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردی کےخلاف جتنی قربانیاں پاکستان نے دی ہیں اتنی کسی اور نے نہیں دیں۔ افغان امن مذاکرات کا مرحلہ آیا تو پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کر کے ٹرمپ انتظامیہ کو مؤقف بدلنے پر مجبور کردیا۔ اب امریکی صدر افغانستان میں پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کے معترف ہیں۔ اسی لئے انہوں نے عمران خان کو دورہ امریکا کا دعوت دی۔