Tuesday, May 7, 2024

پاک افغان سرحد پر داعش کا اثر تیزی سے پھیل رہا ہے: وزیردفاع

پاک افغان سرحد پر داعش کا اثر تیزی سے پھیل رہا ہے: وزیردفاع
December 31, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے افغان مفاہمتی عمل کوداعش سے مقابلے کیلئے ضروری قراردیدیا۔ ان کا کہنا ہے کہ افغان مذاکراتی عمل کی بحالی کےلئے پہلا اجلاس سولہ جنوری کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیردفاع نے داعش کی جانب سے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ خواجہ آصف نے سینیٹ اجلاس میں پالیسی بیان میں بتایاکہ پاک افغان سرحد پر داعش کا اثر تیزی سے پھیل رہا ہے۔ افغان مفاہمتی عمل میں کابل اور طالبان فریق ہیں۔ پاکستان فریقین کومذاکرات کی میزپرلانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ افغان طالبان کی اکثریت مذاکرات چاہتی ہے۔ مذاکرات کا پہلا دور 16جنوری کو ہو گا جس میں پاکستان‘ افغانستان‘ چین اور امریکاشریک ہوں گے۔ انہوں نے طالبان سے مذاکرات کی کامیابی کو داعش سے مقابلے کیلئے ضروری قرار دیا۔ وزیردفاع نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا دورہ کابل کامیاب ٹھہرایا اور بتایا کہ کوئٹہ ،قندھار، کابل اور پشاور کے درمیان کور کمانڈر کی سطح پر براہ راست رابطے رکھیں جائیں گے۔ این ڈی ایس اورآئی ایس آئی کے درمیان تعاون کو بڑھایاجائے گااور پاکستانی طالبان پر بھی مفاہمت کے عمل میں شامل ہونے کے لیے دباو¿ ڈالاجائے گا۔