Thursday, April 18, 2024

پاک افغان سرحد طور خم ، چمن کے مقامات سے دوبارہ کھول دی گئی

پاک افغان سرحد طور خم ، چمن کے مقامات سے دوبارہ کھول دی گئی
March 21, 2017
اسلام آباد (92 نیوز) پاک افغان سرحد طور خم اورچمن کے مقامات پر آج صبح ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے دوبارہ کھول دی گئی۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے افغان عوام کے ساتھ جذبہ خیر سگالی کے تحت گزشتہ روز سرحد کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ پا ک افغان سرحد ملک کے مختلف حصوں میں متعدد دہشت گرد حملوں کے باعث گزشتہ ماہ کی سولہ تاریخ کو بند کردی گئی تھی ان حملوں میں ایک سو تیس سے زائد بے گناہ افراد جاں بحق ہوئے۔ان دہشت گرد حملوں کی افغانستان میں منصوبہ بندی اورنگرانی کی گئی۔ خیبر ایجنسی کی سیاسی انتظامیہ کے ذرائع نے ریڈیو پاکستان کے پشاور کے نمائندے لطف الرحمان کو بتایا کہ صرف ان افغان شہریوں کو سرحد پار کرنے کی اجازت ہوگی جن کے پاس قانونی سفر ی دستاویز ہوگی۔ یورپی یونین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد دوبارہ کھولنے سے متعلق وزیراعظم نواز شریف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک قدم ہے جو خطے میں امن اور استحکام کے مفاد میں ہیں۔