Saturday, April 27, 2024

پاک، افغان سرحد ساتویں روز بھی بند، تفتان بارڈر سے تجارت آج پھر معطل

پاک، افغان سرحد ساتویں روز بھی بند، تفتان بارڈر سے تجارت آج پھر معطل
March 8, 2020
چمن (92 نیوز) ملک میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے پاک، افغان چمن بارڈر ساتویں روز بھی بند ہے، پاک، ایران تفتان بارڈر سے دو طرفہ تجارت آج پھر معطل کردی گئی۔ ملک میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت نے سخت اقدامات اٹھائے ہیں، پاک افغان چمن بارڈر ساتویں روز بھی بند ہے، پاک ایران سرحد پر گزشتہ روز جزوی طور پر بحال کی گئی دوطرفہ تجارت پھر روک دی گئی، گزشتہ روز ایران سے آنے والی گاڑیوں پر اسپرے کیا گیا، ڈرائیورز کی اسکریننگ کی گئی۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر چمن پاک، افغان سرحد آج ساتویں روز بھی بند ہے، سکیورٹی حکام کے مطابق چمن بارڈر کی بندش سے آمدورفت اور ہر قسم تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔ سرحد کے دونوں جانب سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ بارڈر پر موجود مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر پندرہ ہزار سے زائد افراد کی اسکریننگ کی جاچکی ہے، اب تک کرونا کا کوئی مریض نہیں پایا گیا۔ دوسری جانب پاک، ایران سرحد پر گزشتہ روز جزوی طور پر بحال کی گئی دوطرفہ تجارتی سرگرمیاں پھر روک دی گئی، ایران سے آنے والی مال بردار گاڑیوں پر اسپرے کیا گیا۔ ڈرائیورز کی بھی اسکریننگ کی گئی۔ ایران سے مزید 200 سے زائد زائرین بھی واپس پہنچ گئے، تفتان بارڈر کے ذریعے واپس آنے والوں کو قرنطینہ سنٹر منتقل کردیا گیا، جس کے بعد وہاں موجود افراد کی تعداد چار ہزار سے بڑھ گئی۔ ایران سے آنے والوں میں طلبہ، تاجر برادری اور دیگر افراد بھی شامل ہیں۔ قرنطینہ سنٹر میں پہلے سے موجود دو ہزار سے زائد زائرین کو وقت مکمل ہونے کے بعد آج کوئٹہ روانہ کیا جائے گا۔