Tuesday, April 23, 2024

پاک آسٹریلیا پہلا ٹی20، پاکستان نے آسٹریلیا کو 66 رنز سے شکست دے دی

پاک آسٹریلیا پہلا ٹی20، پاکستان نے آسٹریلیا کو 66 رنز سے شکست دے دی
October 25, 2018
ابوظہبی (92 نیوز) پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز میں گرین شرٹس کی پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار پر فارمنس رہی۔ سرفراز الیون نے کینگروز کو 66 رنز سے شکست دے دی۔ ٹیسٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی شاہینوں نے کینگروز پر دھاک بٹھا لی۔ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کو 66 رنز سے دھول چٹا دی۔ قومی باؤلرز کے سامنے آسٹریلوی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ 156رنز کے ہدف میں کینگروز کی پوری ٹیم 89 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ٹیم میں کم بیک کرنے والے پاکستانی  اسٹار آل راؤنڈر عماد وسیم نے پہلے ہی اوور  میں دو کینگروز کا شکار کر کے آسٹریلوی  بیٹگ کی کمر توڑ دی۔ کپتان ایرون فنچ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ گلین میکسویل 2 اور آرکی شارٹ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کینگروز کی جانب سے کولٹر نیل 34 اور آسٹن ایگر 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے  تین، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 155 رنز اسکور کیے۔ بابر اعظم 68 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔