Friday, April 19, 2024

پاک آسٹریلیا سیریز، پاکستانی باؤلرز بری طرح ناکام رہے ‏

پاک آسٹریلیا سیریز، پاکستانی باؤلرز بری طرح ناکام رہے ‏
March 31, 2019

دبئی ( 92 نیوز ) پاک آسٹریلیا  سیریز کے  دوران قومی باؤلرز کی کارکردگی بالکل ناقص رہی ۔ پاکستان نے پانچ میچز کی سیریز میں 10 باؤلرز کی خدمات حاصل کیں ۔

پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 281 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر ، محمد عباس، عماد وسیم ، فہیم اشرف ، یاسر شاہ اور کپتان شعیب ملک نے باؤلنگ کا مظاہرہ کیا مگر آسٹریلوی بلے بازوں کو قابو نہ کر سکے ۔

باؤلرز نے 49 اوورز پھینکے اور صرف دو وکٹیں حاصل کیں ۔محمد عامر ، عماد وسیم ، یاسر شاہ اور شعیب ملک وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے

دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 285 رنز کا ہدف دیا ، باؤلر ز اس بار بھی  آسٹریلوی بلے بازوں کی پیش قدمی نہ روک سکے ۔

دوسرے میچ میں محمد عامر کی جگہ حارث سہیل نے  باؤلنگ کا مظاہرہ کیا ۔  اس میچ میں پاکستانی باؤلرز نے 47.5 اوورز پھینکے اور صرف دو وکٹیں ہی حاصل کر سکے ۔ عماد وسیم اور یاسر شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا  ۔

محمد عباس ، فہیم اشرف ، محمد حسنین  اور حارث سہیل  کوئی وکٹ نہ لے سکے ۔

تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتےہوئے 266 رنز بنائے۔ عثمان شنوری ، جنید خان ،یاسر شاہ ،عماد وسیم  اور حارث سہیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حسنین کوئی وکٹ نہ لے سکے ۔

چوتھے میچ میں بھی آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کی اور 277 رنز بنائے ۔  محمد حسنین ،عماد وسیم  اور یاسر شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ عثمان شنواری ،جنید خان  اور حارث سہیل کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ۔

پانچویں میچ میں بھی محمد عباس ، عماد وسیم ، یاسر شاہ اور حارث سہیل کوئی جادو نہ جگا سکے ۔

عثمان شنواری نے 4 اور جنید خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں ۔