Wednesday, May 15, 2024

پاپا نے پولیس کی منتیں کیں پیسے لے لیں گولی نہ ماریں ، عمیر خلیل

پاپا نے پولیس کی منتیں کیں پیسے لے لیں گولی نہ ماریں ، عمیر خلیل
January 20, 2019
ساہیوال( 92 نیوز) پاپا نے پولیس کی منتیں کیں کہ پیسے لے لیں مگر گولی مت ماریں ، سانحہ ساہیوال میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے عمیر خلیل کا بیان سامنے آگیا۔ عمیر خلیل نے کہا کہ  گاڑی میں جاں بحق ہونیوالوں میں  پاپا ، ماما بہن اور پاپا کے دوست  ہیں،جنہیں  پاپا مولوی کہتے ہیں ، ہم اپنے رشتہ داروں کے پاس بورے والہ جا رہے تھے ۔ دوسری طرف خلیل کا بھائی جلیل جہاں غم سے نڈھال ہے وہیں انصاف ، انصاف بھی پکار رہا ہے ، جلیل کا کہنا ہے کہ پولیس نے ہمارے بے گناہ بھائی کو مار ڈالا ۔ ادھر عینی شاہد  کا کہنا ہے کہ گاڑی لاہور کی طرف سے آرہی تھی  پولیس نے روکا اور فائرنگ کردی جبکہ گاڑی سے کوئی فائرنگ نہیں ہوئی ۔ عینی شاہدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماری جانے والی خواتین کی عمریں چالیس اور 13 برس کے لگ بھگ ہیں ۔ جبکہ پولیس جاتے ہوئے گاڑی سے ملنے والے کپڑوں کے بیگ بھی ساتھ لے  گی جبکہ کار سوار بچوں کو قریبی  پٹرول پمپ چھوڑ دیا گیا جہاں بچوں نے بتایا کہ اُن کے والدین کو مار دیا گیا ہے۔ دوسری جانب  مرنے والوں کی پہچان ہو گئی ، چاروں افراد کا تعلق لاہور کے علاقہ کوٹ لکھپت سے ہے ،  نبیلہ اور خلیل بچوں کے ہمراہ شادی میں شرکت کیلئے لاہور سے بورے والا جا رہے تھے جب کہ ذیشان کو خلیل نے بطور ڈرائیور ساتھ لیا تھا۔ اہلخانہ کے مطابق خلیل اور ذیشان کا تعلق کسی تنظیم سے نہیں، خلیل بھائی کے ساتھ ایک سٹور چلاتا تھا ۔  چاروں کو نا حق قتل کیا اور اب نعشیں بھی حوالے نہیں کی جا رہیں ،  ہمیں فوری انصاف چاہیے۔ اہل علاقہ کے مطابق ساہیوال میں مارے جانے والے گاڑی کے ڈرائیور ذیشان کا بھائی ڈولفن فورس میں ہے ۔ ادھر وزیر اعظم عمران خان نے بھی ساہیوال واقعہ کا نوٹس لے لیا ۔وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ٹیلیفون کیا اورتحقیقات کے بعد حقائق سامنے لانے  کا حکم دیا۔