Wednesday, April 24, 2024

پاور سیکٹر میں قومی خزانے کو 100 ارب کا نقصان پہنچائے جانیکا انکشاف

پاور سیکٹر میں قومی خزانے کو 100 ارب کا نقصان پہنچائے جانیکا انکشاف
April 11, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) چینی اور آٹے کے بعد پاور سیکٹر میں بھی ملکی تاریخ کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا، قومی خزانے کو 100 ارب روپے کا نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو انکوائری رپورٹ پیش کردی گئی۔ کمیٹی نے پاور پلانٹس کے ساتھ معاہدوں کو غیر منصفانہ قرار دے دیا۔ پاور سیکٹر پر ملکی تاریخ کی پہلی رپورٹ 9 رکنی کمیٹی نے تیار کی، 278 صفحات پر مشتمل رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ٹیرف، فیول کھپت میں خرد برد، ڈالرز میں گارنٹڈ منافع سے خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ آئی پی پیز مالکان نے 350 ارب روپے غیرمنصفانہ طور پر وصول کئے۔ 15 فیصد کے برعکس پاور پلانٹس سالانہ 50 تا 70 فیصد منافع کمانے میں ملوث قرار پائے گئے۔ ہر پاور پلانٹ کی قیمت میں 2 سے 15 ارب روپے اضافی ظاہر کیے گئے۔ پاور پلانٹس نے دھوکہ دہی  کے ذریعے  نیپرا سے بھاری ٹیرف حاصل کیا، صرف کول پاورپلانٹس کی لاگت 30 ارب روپے اضافی ظاہر کی گئی۔ انکوائری کمیٹی نے آئی پی پیز مالکان کیساتھ ’’ ٹیک اینڈ پے ‘‘ کا فارمولہ ختم کرنے اور 100ارب روپے ریکوری کرنے کی بھی سفارش کردی۔