Friday, March 29, 2024

پانی کم اور پینے والے زیادہ ہو رہے ہیں ، چیف جسٹس پاکستان

پانی کم اور پینے والے زیادہ ہو رہے ہیں ، چیف جسٹس پاکستان
October 30, 2018
اسلام آباد (92 نیوز)پانی بحران کے بعد  بڑھتی ہوئی  آبادی ملک کا  سب  سے بڑا  مسئلہ قرارپا گئی ۔ چیف جسٹس  پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہاکہ  پانی  کم  اور پینے  والے  زیادہ ہو رہے ہیں ، حکام آج ہی لاؤڈ  اسپیکر اٹھا کر نکلیں  ذمہ داری پوری نہ کی تو آنے والی نسلوں  کے مجرم ہوں گے ۔ آبادی  میں اضافے پر سپریم کورٹ بھی  پریشان ہو گئی ، کہاکہ  30 سال بعد ملک کی آبادی 45 کروڑ ہو گی ، اتنی بڑی آبادی کو سہولیات کیسے  دیں گے ۔ چیف  جسٹس  نے ڈیمز  کے بعد آبادی میں اضافی  روکنے کو اپنا  مشن  ثانی بنا  دیا ۔ آبادی میں اضافے سے متعلق  کیس کی سماعت  کے دوران  چیف جسٹس   نے ریمارکس  دیئے  انسانوں  کو درکار  وسائل کم ہو رہے ہیں ، مگر  آبادی کم کرنے کیلئے مناسب مہم نہیں چلائی جا رہی ، حکام آج ہی لاؤڈ اسپیکر اٹھا کر نکلیں اور آگاہی مہم چلائیں ۔ میں بھی لانگ مارچ کے لیئے تیار ہوں خود سڑکوں پر نکل کر  عوام کو آگاہی  دوں گا۔ سماعت  کے دوران چیف جسٹس کا وکیل  لطیف کھوسہ  سے مکالمہ کرتے ہوئے  کہا  کھوسہ  صاحب  آپ کے اپنے 8 بچے ہیں ،آپ کو اپنے بچوں  کو بتانا پڑے گا کہ بچے  دو ہی اچھے ۔ عدالتی حکم پر قائم کمیٹی کی سفارشات عدالت میں پیش کی گئیں جس میں آبادی میں بے تحاشہ اضافہ  ملک کا  سب  سے بڑا  مسئلہ  قرار دیا گیا،  آبادی پر  کنٹرول کیلئے قومی اور صوبائی  سطح پر ٹاسک  فورس بنانے کی تجویز  دی گئی ہے ۔ عدالت نے سفارشات پبلک  کرنے اور دس  دن  میں مشترکہ مفاد کونسل  کے اجلاس میں پیش کرنے  کا حکم  دے دیا ۔