Thursday, May 9, 2024

پانی میں ڈوبے کراچی میں پاک فوج، رینجرز اور پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن جاری

پانی میں ڈوبے کراچی میں پاک فوج، رینجرز اور پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن جاری
August 26, 2020
 کراچی (92 نیوز) پانی میں ڈوبے کراچی میں پاک فوج، رینجرز اور پاک بحریہ کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ آرمی انجینئر ملیر ندی سے نکلنے والے پانی کو روکنے کیلئے کوشاں ہیں۔ کراچی میں شدید بارشوں سے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے پاک فوج  بھی میدان میں آگئی۔ سپہ سالار نے کراچی کور کو  امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرین کو تمام سہولیات پہنچانے کی ہدایت کر دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ آبادی کی مدد کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی 70 امدادی ٹیمیں  امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں  متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں جب کہ سیلابی پانی میں پھنسے افراد کو تیار کھانا بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی انجینئرز نے ایم نائن ہائی وے کو بچانے کے لیے 200 میٹر طویل بند بھی بنا لیا ہے جب کہ پاک فوج کی  ٹیمیں کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن سعدی ٹاؤن اور ملیر کینٹ کو بچانے میں بھی مصروف ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بارشوں سے کراچی کے مختلف حصے بری طرح متاثر ہوئے۔ لٹھ اور تھڈو ڈیمز میں گنجائش سے زیادہ پانی آگیا۔ لٹھ ڈیم سے آنیوالا سیلابی ریلا ناردرن بائی پاس سے جا ٹکرایا جب کہ ملیر ندی میں شدید طغیانی سے پانی کا بہاؤ قائد آباد کی طرف ہو گیا۔