Friday, May 17, 2024

پانچواں ون ڈے : سری لنکا نے پاکستان کو 165رنزسے ہرادیا

پانچواں ون ڈے : سری لنکا نے پاکستان کو 165رنزسے ہرادیا
July 26, 2015
ہمبنٹوٹا(سپورٹس ڈیسک)سری لنکا نے پاکستان کو پانچویں ایک   روزہ  میچ  میں ایک سو پینسٹھ رنز سے ہرا دیا۔ باؤلرز کے بعد  بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے باعث تین سو انہتر رنز کے تعاقب میں ٹیم دو سو تین رنز پر ڈھیر ہو گئی، سنچری بنانے والے اوپنر کوشل پریرا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ تفصیلات کے مطابق ہمبن ٹوٹا میں میزبان سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور سیریز میں شکست کا سارا غصہ پاکستانی باؤلرز پر نکال دیا۔ اوپنر کوشل پریرا نے چار چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے ایک سو سولہ جبکہ دلشان نے ستر گیندوں پر باسٹھ رنز بنائے۔ تھریمانے نے تیس گیندوں پر تیس جبکہ چندیمل نے پچیس گیندوں پر انتیس رنز سکور کیے۔ اینجلو میتھیوز نے چالیس گیندوں پر  ستر جبکہ سری وردھنے نے چھبیس گیندوں پر  باون رنز بنائے۔ راحت علی، محمد عرفان، یاسر شاہ اور انور علی کو ستر سے زائد رنز پڑے تاہم راحت علی   دو وکٹیں حاصل  کرنے میں بھی کامیاب رہے۔ پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو لنکن باؤلرز نے کسی کھلاڑی کو چالیس کا ہندسہ عبور نہ کرنے دیا۔ اوپنر احمد شہزاد پینتیس، اظہر علی اٹھارہ، محمد حفیظ سینتیس، سرفراز ستائیس، شعیب ملک گیارہ، محمد رضوان انتیس، عماد وسیم پندرہ، انور علی گیارہ اور یاسر شاہ نو رنز پر ڈھیر ہو گئے۔ راحت علی کوئی رن بنائے بغیر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ محمد عرفان چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کے سینا نائیکے نے تین، تھیسارا پریرا نے دو جبکہ اینجلو میتھیوز، سری وردھنے اور لیستھ گیماج نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔