Wednesday, April 24, 2024

پانچ ماہ کے دوران معیشت میں کافی بہتری آئی، حفیظ شیخ

پانچ ماہ کے دوران معیشت میں کافی بہتری آئی، حفیظ شیخ
December 3, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا پانچ ماہ کے دوران معیشت میں کافی بہتری آئی۔ موڈیز کی رپورٹ سے دنیا کو معیشت کی بہتری کا پتہ چل گیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حفیظ شیخ کا کہنا تھا برآمدات بڑھنا شروع ہوگئی ہیں۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نےمعیشت کی بہتری کو سراہا۔ آئی ایم ایف نے 50 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا پچھلے پانچ سال میں ایکسپورٹ زیرو فیصد پر آگئی تھی۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پچھلے سال 35 فیصد کم کیا گیا اور موجودہ سال میں اس سے بھی زیادہ کم کیا گیا۔ مالی خسارہ بھی پچھلے سالوں کی نسبت کم کیا گیا بلکہ پہلی بار سرپلس میں چلا گیا۔ حفیظ شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ان تمام چیزوں کی وجہ سے بین الاقوامی اداروں کی پاکستان کے بارے میں اچھی رائے بن رہی ہے۔ ورلڈبینک کے صدر پاکستان آئے اور ہماری معاشی پرفارمنس کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ مشیر خزانہ بولے گزشتہ پانچ مہینوں میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ دنیا بھر میں پٹرول کی جتنی قیمت کم ہوئی اسی حساب سے پاکستان میں25 پیسے کم کیے گئے۔ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کمی کی گئی۔ انہوں نے کہا ہم چاہ رہے ہیں کہ دنیا میں اگر کسی چیز کی قیمت کم ہوتی ہے تو اس کا فائدہ عوام کو دیا جائے۔ دنیا میں بجلی مہنگی ہونے پر اگر بجلی مہنگی کرنی پڑتی ہے تو کوشش کی جاتی ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی مہنگی نہ کی جائے۔ حفیظ شیخ کا کہنا تھا اس وقت بھی عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ عوام کو صحت کارڈ دیئے جارہے ہیں،خواتین کو کیش ٹرانسفر دیا جارہا ہے، طلبہ کو وظیفے دیئے جارہے ہیں، یوٹیلیٹی سٹورز پر6 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا اشیاء کی قیمتوں کا ایشو بہت اہم ہے، اس حوالے سے وزیراعظم سے جمعرات کو میٹنگ ہو گی۔